خیبرپختونخوا ؛سکیورٹی فورسز کے 2مختلف آپریشنز میں سرغنہ سمیت8خوارجی ہلاک

Dec 05, 2024 | 20:27:PM
خیبرپختونخوا ؛سکیورٹی فورسز کے 2مختلف آپریشنز میں سرغنہ سمیت8خوارجی ہلاک
کیپشن: سکیورٹی فورسز آپریشن، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران سرغنہ سمیت 8خوارجی جہنم واصل ہو گئے۔صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشنز میں کامیابی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں کیا گیا،فائرنگ کے تبادلے میں خوارجی رنگ لیڈر خان محمد عرف خورے سمیت 2خوارجی ہلاک ہو گئے جبکہ  دو گرفتارکر لئے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خارجیوں کا سرغنہ خان محمد عرف خورے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھا،خارجیوں کا سرغنہ خان محمد عرف خورے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کو مطلوب تھا اور اس کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  دوسری کارروائی لکی مروت کے علاقے میں کی گئی،جہاں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ  علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشنز کئے جا رہے ہیں، سکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری نے  خیبر پختونخوا میں دو مختلف آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین کیا ہے،صدر مملکت نے جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو سراہااور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث مطلوب دہشتگرد کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور لکی مروت  میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور مطلوب دہشت گرد سمیت 8 خوارج کو جہنم واصل  کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی، وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے کھڑی رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں:جعلی خبریں پھیلانے والے خبردار، کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ جاری

صدر آصف زرداری نے کہاکہ فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،  صدر مملکت نے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے قومی عزم کا بھی اظہارکیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آپریشنز میں 8خوارجی  دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے  پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ  8خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر بروقت کارروائی کرکے خوارجی  دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔  وزیر داخلہ کاکہناتھا کہ پاک دھرتی میں خوارجی دہشتگردوں کی کوئی گنجائش نہیں،دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور زمبابوے کے درمیان آخری میچ کا حیران کن نتیجہ آ گیا