ملتان: خاوند نے بیوی اور دو بچوں کو قتل کرکے خود کشی کر لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عمران مہر) سابق ناظم طارق نعیم اللہ مرحوم کے بیٹے معروف طارق خان سے بیوی کا جھگڑا ، معروف طارق خان نے طیش میں آکر بیوی اور دو بچوں کو قتل کر کے خود کشی کر لی ، پولیس نے لاشیں قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق ن لیگ کے ایم پی اے شاہد محمود خان کے بھتیجے اور سابق ناظم و سماجی رہنما طارق نعیم اللہ مرحوم کے بیٹے35سالہ معروف خان نے ڈی ایچ اے میں گاڑی میں موجود اپنی اہلیہ 33سالہ اقرا معروف اور دو کم عمر بچے 5سالہ عالیان اور 3سالہ اریان کو گولیاں مارکر اپنے ہی پسٹل سے خود کو گولی مارکر خود کشی کرلی جس کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو1122نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دونوں بچوں کی موقع پر جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی اور میاں بیوی کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اقرا بی بی اور معروف خان بھی خالق حقیقی سے جاملے ، واقعہ کی اطلاع پر ایس ایس پی آپریشنز ملتان کامران عامر خان ، ڈی ایس پی صدر بخت نصر ، ایس ایچ او تھانہ الپہ حیدر علی پولیس کی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے گئے جس کے بعد لاشوں کا پوسٹ مارٹم کروایا گیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق معروف طارق خان کا اپنے بھائی احد طارق سے زمین اور زیورات کے لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا اس نے اپنے بھائی احد طارق کو بلا کر حساب کیا اور زیورات اس کے حوالے کیے جس پر معروف طارق خان کی بیوی اقرا معروف نے اعتراض کیا اور شوہر سے جھگڑا شروع کر دیا جس کے بعد معروف طارق خان نے بیوی اور بچوں کو ڈی ایچ اے میں واقع گھر سے باہر جانے کے لیے گاڑی میں بٹھایا اور کچھ فاصلے پر لے جا کر بیوی اور بچوں پر فائرنگ کر دی اور بعد میں خود کو گولی مارکر زندگی کا خاتمہ کر لیا ، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے ۔
مزید پڑھیں:سٹیٹ بینک کے ذخائر میں 62 کروڑ ڈالر کا اضافہ
واضح رہے کہ اس افسوسناک واقعہ سے شہر میں سوگ کا سماں بن گیا کیونکہ مرحوم معروف طارق خان کے والد طارق نعیم اللہ مرحوم کی بطور ناظم یونین کونسل شہر کے لیے بڑی خدمات تھیں اور اس وقت شہریوں کے معاملات حل کروانے کے لیے وہ پیش پیش رہتے تھے جبکہ معروف طارق خان کے چچا شاہد محمود خان بھی ممبر صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں اور اسی وجہ سے پورے خاندان کو پزیرائی ملی ہے تاہم معروف طارق خان کے جلدی کے فیصلے پر مختلف قسم کی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں۔