بارشوں کے بعد بھی دھند کے ڈیرے ، موٹرویز مختلف مقامات سے بند

Feb 05, 2024 | 10:20:AM
 بارشوں کے بعد بھی دھند کے ڈیرے ، موٹرویز مختلف مقامات سے بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)مسلسل دو دن ہلکی اور تیز بارش کے بعد پنجاب کے میدانی علاقوں میں پھر دھند چھاگئی جس سے ٹریفک نظام شدید متاثر ہے،دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔

شدید دھند کے سبب لاہور سیالکوٹ موٹروے بند ہے، موٹروے ایم ٹو لاہور سے فاروق آباد، ایم 4، شورکوٹ انٹرچینج سے گوجرہ تک اور ملتان سکھر موٹروے پر بھی ٹریفک معطل  کردیئے گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کالام منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا سرد ترین علاقہ رہا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 2 کو ٹھوکر نیاز بیگ سے فاروق آباد، ایم 3 کو فیض پور سے درخانہ، ایم 4 کو شام کوٹ سے شور کوٹ انٹر چینج، شیر شاہ انٹر چینج، گوجرہ سے فیصل آباد اور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دیا۔

سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ ایم 5 کو شیر شاہ سے جلال پور، اقبال آباد انٹرچینج سے روہڑی اور ایم 11 کو لاہور سیالکوٹ موٹروے مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال مین ٹول پلازہ تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:علی ظفر نے پی ایس ایل 9 کے آفیشل ترانے کا نام بتا دیا

سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

دوسری جانب  کراچی میں بارش کے بعد جاتی سردی لوٹ آئی،کراچی اور لاہور کی فضا آج بھی آلودہ ہے جب کہ فضائی معیار نسبتاً بہتر ہے۔