پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

Feb 05, 2025 | 09:01:AM
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ( 24 نیوز ) کشمیری عوام کی بھارتی تسلط و ظلم کیخلاف لازوال جدوجہد آزادی اور قربانیوں کا اعتراف، ملک بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا  جا رہا ہے ،اسلام آبادمیں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی  گئی ، جس میں وفاقی وزرا، سول سوسائٹی، حریت رہنماؤں سمیت دیگر شریک ہوئے,شرکاء نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پوسٹرز اور بینرز اٹھائے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

کوہالہ پل کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا، سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

کراچی میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلزچورنگی سے مزار قائد تک واک کی گئی، وزیرتعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے شرکت کی، طلباء کی بڑی تعداد کشمیری پرچم تھامے واک میں شامل ہوئی۔

پشاور میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا نے شرکت کی اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان لازوال رشتوں کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں و کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا۔

وفاقی وزراء کا یوم یکجہتی کشمیر پر اظہار یکجہتی، بھارت کے مظالم کی مذمت
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وفاقی وزرا  نے اپنے بیانات میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت کے مظالم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزراء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

بھارت نے ظلم و جبر سے جنت جیسی وادی کو جہنم بنا کر رکھ دیا ،مصدق ملک  

ڈی چوک میں وفاقی وزیر توانائی مصدق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جنت نظیر وادی ہے جس کا قدرتی حسن لاجواب ہے، کشمیر کی ہر وادی، ہر درخت اور ہر جنگل جنت کا آئینہ ہے بھارت نے اپنے ظلم و جبر سے جنت جیسی وادی کو جہنم بنا کر رکھ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے حق خود ارادیت، زندہ رہنے کا حق کشمیریوں سے چھین لیا، بھارت کی بربریت کی وجہ سے پورا ریجن تباہی کی طرف چلا گیا، ہم بھارت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے کا وقت آگیا ہے، کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

 اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے، وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع 1947 سے ایک حل طلب مسئلہ ہے اور اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کشمیر کے منصفانہ کاز کیلئے عزم پر ثابت قدم‘یوم یکجہتی پرعسکری قیادت کا پیغام

  کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، عطا تارڑ

وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بھارت کی قابض حکومت کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کی جاتی رہے گی۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام کر رہا ہے، اویس لغاری

وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے جبکہ بچے، بوڑھے اور جوان بھارتی ظلم کا شکار ہو رہے ہیں۔

پاکستان کشمیری عوام کے حق میں ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا، احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق آزادی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام پر ظلم و ستم جاری رہے گا، پاکستان کبھی خاموش نہیں رہے گا اور ہر سطح پر ان کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔

کشمیری عوام بھارتی ظلم و ستم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے، رانا ثناء اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی ظلم و ستم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ بھارتی حکومت ظلم و بربریت کی مرتکب ہو رہی ہے اور کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھنا ایک سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

وزراء نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان ہر ممکن سفارتی، سیاسی اور اخلاقی کوششیں جاری رکھے گا اور عالمی برادری کو اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے: ایاز صادق

 سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام  میں کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔

 گلگت بلتستان اسمبلی میں کشمیریوں کے حق میں متفقہ قرارداد منظور
دوسری جانب گلگت بلتستان اسمبلی میں کشمیریوں کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

قرارداد میں بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کی مذمت کی گئی، قرارداد میں اقوام متحدہ سے کشمیری عوام کو ان کی حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔