وزیراعظم شہباز شریف کی یو اے ای صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیر اعظم شہباز شریف نے رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ترقی کے سفر میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و تجدید، نوجوانوں میں صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ اور تجارت جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کیلئے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔
شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے ساتھ کان کنی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نئی اقتصادی قوت نے دو طرفہ سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے کے امکانات پیدا کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:P7نمبر پلیٹ کتنے ارب میں فروخت ہوئی؟جان کر آپ دنگ رہ جائیں
متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو بڑھانے کیلئے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا، عوام سے عوام کے روابط اور مشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں خاص طور پر اقتصادی تعاون کے ضمن میں متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت پر شیخ زید محمد بن النہیان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے پر زور دیا۔
میٹنگ کا اختتام دونوں ممالک کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی طور پر ترجیحی شعبوں میں وسیع تر تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:پی بی 45کا پہلا غیرحتمی غیرسرکاری نتیجہ سامنے آ گیا