وہ 8 ڈرامے جو سجل علی کی کامیابی کا راز ہیں؟

Jul 05, 2024 | 10:29:AM

Azhar Thiraj

(اظہر تھراج)پاکستان کی نوجوان اور خوبصورت اداکارہ سجل علی جس ڈرامہ میں اداکاری کرتی ہیں وہ سپر ہٹ ہوجاتا ہے۔سجل علی بلاشبہ اس دور کا ایک بڑا ستارہ ہیں،یہ بہت ہنرمند اداکارہ ہیں، سجل علی نے اپنی محنت اور اداکاری کے بل بوتے پر عروج پایا۔سجل علی  آج کل ڈرامہ سیریل’زرد پتوں کے بن‘میں ’مینو‘کا کردار نبھا رہی ہیں جسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

  سجل علی نے اپنے کریئیر کا آغار نوجوانی میں ہمایوں سعید کی پروڈکشن میں کیا اس پروجیکٹ کا نام ’محمودآ باد کی ملکائیں‘ تھا،پاکستان کے ساتھ انہوں نے انڈیا اور لندن میں بھی فلمیں کی، انہوں نے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے جس میں تمغہ امتیاز شامل ہے جو ان کو پاکستان گورنمنٹ کی طرف سے دیا گیا اب تک سجل نے اپنے کیریئیر میں بہت سے ڈرامے کیے ہیں جنہوں نے کھڑکی توڑ مقبولیت پائی ۔

  سجل علی کے بہترین8 ڈراموں پر نظر دوڑاتے ہیں جن میں’ ننھی‘ بھی شامل ہے جو  2013 میں جیو پر آن ائیر ہوا جس کا سکرپٹ بہت جاندار تھا اور اس کی کہانی بچوں کی سمگلنگ اور جنسی تشدد پر تھی۔سجل علی نے اس ڈرامہ میں اپنے کردار کو بخوبی نبھایا، ننھی کو مونا حسیب نے لکھا اور حسیب حسن نے اس کو ڈائیریکٹ کیا، اس ڈرامہ کی کاسٹ میں اسماء عباس،جاوید شیخ،شاہود علوی،انوشے عباسی، اور بہروزسبزواری شامل تھے۔ سجل علی نے اس ڈرامہ میں ایک ایسی بچی کا کردار نبھایا جس نے اپنی چھوٹی سی زندگی میں بہت سی آزمائشیں اور مصیبتیں برداشت کیں،سجل نے ننھی میں عمدہ کردار ادا کیا اور اس سال ننھی کے لیے سجل بہترین اداکارہ کے طور پر لکس سٹائل ایوارڈز میں نامزد کی گئیں۔

  
سجل علی کا ایک اور بہترین ڈرامہ’چپ رہو‘ ہے جس میں سجل علی،سید جبران، ارجمند راحیم اور فیروز خان تھے۔چپ رہو نے سجل علی کی پوزیشن کو ایک قابل اعتماد ستارے کے طور پر  کیا اور سید جبران کے کریئر کو بھی دوبارہ لانچ کیا جو اس وقت ناکام ہو رہے تھے،سجل علی اس میں رامین کا کردار ادا کر رہی تھیں جس کو  اپنے ہی بہنوئی کی طرف سے مشکلات کا سامنا تھا  اور اپنے والدین کو جب وہ یہ بات بتاتی ہیں تو وہ بھی اپنی دوسری بیٹی کا گھر بچانے کے لیے خاموش رہتے ہیں، سجل کے اس ڈرامے کو بھی پسند کیا گیا اور یہ انڈیا کے زندگی چینل پر بھی آن ائیر ہوا۔

  

 بے حد میں ایک بار پھر سجل علی نے  اچھا کردار ادا کر کے شائقین کےدل جیت لیے، سجل علی  نے 2013 میں ٹیلی فلم بے حد کی جس میں ان کے ساتھ نام ور اداکاروں نے کام کیا جس میں فوادخان اور نادیہ جمیل شامل ہیں، فواد خان کے مداح ان کو سکرین پر دیکھنے کے لیے بےتاب تھے ،سجل علی نے دو سپر سٹارز کے ہوتے ہوئےاپنی نمایاں جگہ بنائی ، بےحد کو عاصم رضا نے ڈائریکٹ کیا یہ ایک کامیاب ترین ٹیلی فلم رہی اور اس  کی کہانی بھی دلکش تھی۔

  ضرورپڑھیں:اداکارہ سجل علی کے 4 بہترین ڈرامے
او رنگریزہ ٹی وی سکرین پر ایک نیا  جوڑا لے کر آیا ۔ سجل علی نے بلال عباس خان کے ساتھ کام کیا ،یہاں  قاسم اور سسی کا  کردار امر ہوگیا، سسی آزاد مزاج تھی اور وہ اپنے سارے خواب پورے کرنا چاہتی تھی ۔ سجل علی نے او رنگریزہ کو اپنی اداکاری سے ہٹ بنا دیا ۔او رنگریزہ نے سجل علی کو ایک ایسی اداکارہ کے طور پر ثابت کیا جو اپنی اداکاری سے ڈرامہ کو ہٹ بنا سکتی ہے ۔

ڈرامہ’ یقین کا سفر ‘میں سجل علی اور احد رضا میر نے مرکزی کردار ادا کیا۔ ان کی کیمسٹری سامعین کو بےحد پسند آئی اور بعد میں حقیقی زندگی کی کیمسٹری میں بدل گئی۔ یقین کا سفر ایک خوبصورت کہانی تھی اور سجل علی کو ڈاکٹر ثوبیہ کی زندگی کے مختلف مراحل اور ان جذبات کو ظاہر کرنا تھا جن سے وہ گزر رہی تھیں۔ وہ شاندار تھی اور لوگوں کو محبت اور معجزات پر یقین دلاتی تھی۔سجل علی اور احد رضا میر نے بعد میں دو اور پروجیکٹس اکٹھے کیے کیونکہ ان کی کیمسٹری بے مثال تھی۔ یہ دل میرا اور دھوپ کی دیوار دونوں ہی دل جیتنے میں کامیاب رہے۔
الف ایک ایسا ڈرامہ ہے جس نے روحانیت کو روزمرہ کے گھرانوں میں زیر بحث بنایا۔ یہ ایک بہترین کہانی تھی اور اسے بہترین انداز میں بنایا گیا تھا۔ یہ سادہ محبت کے مثلث کے بارے میں نہیں تھا اور یہاں تک کہ اس کا مقصد یہ بھی نہیں تھا کے لیڈ جوڑا آخر میں ایک ساتھ ہوتا ہے یا نہیں۔ یہ خدا سے محبت اور روحانیت کے بارے میں تھا۔ سجل علی اور حمزہ علی عباسی سمیت تمام اداکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے اس خوبصورت پروجیکٹ کو کلاسک بنا دیا۔
سجل علی نے مومنہ سلطان کے طور پر دنیا کو دکھایا کہ کس طرح ایک ریسٹرینڈ پرفارمنس دل جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وہ غیر معمولی تھی اور اس کا کردار نہ صرف انٹرٹینمنٹ  کے لیےتھا بلکہ اس نے دیکھنے والوں پر بھی اثر چھوڑا۔
 کچھ ان کہی میں اورنگریزا والا کپل سجل علی اور بلال عباس پھر اسکرین پر دیکھنے کو ملا،یہ ایک ملٹی سٹارر ڈرامہ تھا جس میں کئی الگ ٹریک چل رہے تھے مگر سجل علی اپنی اداکاری کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی، سجل نے اس میں عالیہ کا کردار نبھایا جو کہ ایک بہادر بیٹی اور لڑکی ہے جو دنیا سے اپنی فیملی کے حقوق کے لیے لڑتی ہے۔کشف فاؤنڈیشن کے ڈرامہ کچھ ان کہی نے سجل کو لڑکیوں کے وراثت کے حقوق کے بارے میں بات کرنے کا موقع دیا،اور اس نے یہ پیغام بہت تفریحی انداز میں پیش کیا۔
 زرد پتوں کا بن بھی کشف فاؤنڈیشن کا ڈرامہ ہے، یہ ہم ٹی وی پر آن ایئر ہے،جس میں ہماری سوسائٹی کے اہم پہلوؤں کو دکھایا گیا ہے، اس کھیل میں سجل علی ’مینو‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں یہ ڈرامہ دیہی پنجاب میں فلمایا گیا ہے، سجل نے واقعی ڈیگلیمرائز کیا ہے تاکہ وہ اس ماحول کا حقیقی حصہ بن سکے، اس ڈرامہ میں سجل علی نے ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو کہ پڑھنا چاہتی ہے اور اپنے گاؤں کے لیے ڈاکٹر بننا چاہتی ہے کیوں کے اس گاؤں میں  ڈاکٹر نا ہونے کی وجہ سے لوگ موت کے منہ میں چلے جاتےہیں۔  سجل علی ایک بہترین اداکارہ ہیں اور وہ جانتی ہیں کے کس طرح کہانی کو لوگوں تک پہنچایا جائے۔سجل علی کے کریئر کا کون سا ڈرامہ آپ کو اچھا لگا؟

مزیدخبریں