جے یو آئی وفد کی اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے ملاقات، ملکر تحریک تحفظ آئین چلانے کا اعادہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(طیب سیف )اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب سے جمیعت علماء اسلام پاکستان کے وفد کی ملاقات, مل کر تحریک تحفظ آئین چلانے کا اعادہ ۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی راہنما شجاع الملک کی سربراہی میں وفد نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں جماعتوں کا اتحاد و شراکت کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے باہمی مشاورت سے سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے پر مکمل اتفاق کیا گیا،ملاقات میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی شریک ہوئے ۔
ملاقات کے بعد گفتگو میں عمر ایوب خان کا کہنا تھاکہ مولانا شیرانی کے سیاسی موقف کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم نے مل کر اس ملک میں آئین کی بحالی کے لیے جدوجہد کرنی ہے،جمیعت اور تحریک انصاف کی آئین اور قانون کی پاسداری کے لیے سوچ مشترک ہے،ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات آج بھی درج کیے جارہے ہیں،ہمارے لیڈر کے خلاف 200 سے زائد جھوٹے مقدمات درج کیے گئے،تمام من گھڑت اور جھوٹے پروپیگنڈے کے باجود تحریک انصاف نے 8 فروری کو تاریخی فتح حاصل کی،ہم نے مل کر اس ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔
اسد قیصر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ اس وقت ملک میں عملی طور پر مارشل لا نافذ ہے،شہباز شریف کا چائنہ میں ڈپٹی نائب میئر نے استقبال کیا۔ ہم ملک کو کہاں لے گئے ہیں ؟ چھوٹے صوبوں کو اعتماد میں لینا ہوگا ورنہ دوریاں بڑھ جائیں گی،تحریک تحفظ آئین ملک میں آئین کی بالادستی چاہتی ہے،ہم ملک میں آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر رہے ہیں،تحریک انصاف روایتی سیاست سے بالاتر، اعلی سیاسی و سماجی مقاصد کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔
مولانا شجاع الملک کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد ہے،اہلِ علم آگے بڑھیں اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں، دونوں جماعتوں کے مابین طے پانے والے معاملات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں،ملاقات میں رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم شاہ، رکن صوبائی اسمبلی آصف خان محسود اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اخونزادہ حسین یوسفزئی بھی موجود تھے ۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کو لائیو دکھانا کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں،جسٹس اطہر من اللہ