جمہوریہ ترکیہ کی مزاحمت اور شاندارترقی کے 101 سال

حسنین اولکھ 

Nov 05, 2024 | 16:03:PM
جمہوریہ ترکیہ کی مزاحمت اور شاندارترقی کے 101 سال
کیپشن: File Photo
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسنین اولکھ) 29 اکتوبر یوم جمہوریہ ترکیہ منایا جاتا ہے، ترکیہ کی عوام نے سامراجی قوتوں کے خلاف عظیم قربانیوں اور عزم و حوصلے سے اپنی آزادی حاصل کی اور اسے برقرار رکھا، عثمانی سلطنت سے لے کر جمہوریہ ترکیہ کی تشکیل تک، ترکیہ کی تاریخ اتحاد، بہادری اور خودمختاری کی ایک روشن مثال ہے، برصغیر کے مسلمانوں اور ترک بھائیوں کے درمیان ہمیشہ سے ایک مضبوط رشتہ رہا ہے، جو مشکل کی ہر گھڑی میں یکجہتی اور حمایت سے عبارت ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور امن و خوشحالی کے عزم کا مظہر ہیں، پاکستان ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے عوام گہرے برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں دعا ہے کہ ہمارا یہ اتحاد مزید مضبوط ہو اور اسلامی دنیا میں تعاون و یکجہتی کا سبب بنے۔ 

ترکیہ کے 101ویں قومی دن کے موقع وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے تہنیتی پیغام میں ترکیہ کی عوام کو قومی دن پر مبارکباد پیش کی، کہا ترکیہ کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے صدق دل سے دعا گو ہوں، ترکیہ کے قومی دن پر  ہم ترک عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں، مریم نواز نے کہا پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوستی کی بنیاد اخوت اور بھائی چارہ ہے، پاک ترک تعلقات محض دو ممالک نہیں دو عظیم قوموں کا انمول رشتہ بھی ہے، رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکیہ نے ترقی کے کئی سنگ میل عبور کیے ہیں، انہوں نے مزید کہا ہے کہ ثقافتی، تجارتی اور سیاحتی روابط سے دونوں ممالک کی عوام کے دلوں میں قربت بڑھ رہی ہے، دعا گو ہوں کہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے، ریپبلک ڈے ترکیہ کی مناسبت سے پی ایچ اے کی جانب سے مینار پاکستان کو ترک پرچم سے روشن کیا گیا اور ترکیہ کے قومی ترانے کی دھنیں بجائی گئیں جو کہ دوستی اور بھائی چارے کی یادگار مثال ہے،  جو گرمجوشی اور فخر کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو اجاگر کرتا ہے۔

ضرورپڑھیں:وزیرِ اعظم کا توانائی کے حوالے سے بہت جلد اچھی خبر دینے کا اعلان

ترکیہ کے قومی دن کی مناسبت سے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کی عوام غیر متزلزل رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ 1923 میں کمال اتاترک نے جدید ترکیہ کی بنیاد رکھی، ترکیہ نے تباہ کن زلزلوں اور سیلابوں کے بعد پاکستان کی امداد کی جس سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے رشتوں کی عکاسی ہوتی ہے،  ترکیہ کے 101 سال مکمل ہونے پر کراچی کے ترک قونصل خانے میں منعقدہ تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ شریک ہوئے، قونصل جنرل جمال سانگو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ترکیہ پاکستان کا مسلم براد ملک ہے پاکستانی عوام ترکیہ کو بڑی عزت، محبت و احترم کی نظر سے دیکھتے ہیں، قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگو نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں اشتراک کو مثالی قرار دیا۔ 
 
جمہوریہ ترکیہ کی  101 ویں سالگرہ کے موقع پر ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اپنی قوم کو ترکیہ کی صدی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ صرف چند مشکلات اور رکاوٹیں باقی ہیں، روشن مستقبل ترکیہ کی راہ دیکھ رہا ہے، رجب طیب ایردوان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اُن تمام ممالک اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا، جِنہوں نے جمہوریہ ترکیہ کی 101 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی، صدرایردوان  کا کہنا تھا کہ آج ہم فخر اور مسرت کے ساتھ جمہوریت  کی نئی صدی کی پہلی سالگرہ منا رہے ہیں، انہوں نے ترکیہ کے بانی غازی مصطفیٰ کمال اتاترک اور دیگر بانی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریہ  ترکیہ ایک قدیم ریاستی ورثے کی جدید اور تابندہ کڑی ہے، صدر نے ان تمام شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنھوں نے ترکیہ کی آزادی اور استحکام کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے 101ویں یوم جمہوریہ ترکیہ پر صدر رجب طیب ایردوان اور ترک قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آپ کی شاندار ترقی اور کامیابیوں پر فخر ہے، مجھے یقین ہے کہ ہماری دونوں قوموں کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہرگزرتے دن سے ساتھ مظبوط ہوتے جائیں گے، پاکستان میں ترکیہ کے باہمی اشتراک سے پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول اینڈ کالجز، یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ اور ترک کوآپریشن اینڈ کوارڈینیشن ایجنسی ٹکا جیسے منصوبے پاک ترکیہ تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، حال میں ہی پاکستان کی تاریخی جامعہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ٹکا کی جانب سے ترک زبان سینٹر کا افتتاح کیا گیا ہے،  جی سی یو میں قائم ترک زبان مرکز ، لاہوریوں خاص طور پر یونیورسٹی کے طلباء کے لیے ترکی زبان اور ثقافت سے ہم آہنگ ہونے کا ایک بہترین موقع ہے۔ پاکستان اور ترکیہ برادرانہ تعلقات کے فروغ کیلئے نہ صرف حکومتی بلکہ عوامی سطح پربھی کاوشیں اور تعاون جاری ہے جس سے یقیناً دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔

نوٹ:بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہوناضروری نہیں۔ایڈیٹر