امریکی انتخابات میں نتیجہ برابر رہنے کی صورت میں کیا ہوتا ہے ؟

Nov 05, 2024 | 22:38:PM

(ویب ڈیسک)امریکا میں آج صدارتی انتخابات کا سلسلہ جاری ہے ، کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ میں کانٹے دار مقابلہ جاری ہے تاہم سوال یہ ہے کہ دونوں صدارتی امیدواروں کا نتیجہ برابر رہنے کی صورت میں کیا ہوگا؟ 

 صدارتی انتخابات میں فیصلہ کن مرحلے میں کئی ممکنہ منظر نامے سامنے ہیں جن میں ایک "برابری" بھی ہے،یہاں یہ سوال سامنے آتا ہے کہ کیا 2024 میں برابری کا منظر نامہ ممکن ہے؟سروے نتائج قریب قریب ہونے کے باوجود ماہرین نے برابری کا منظر نامہ خارج از امکان قرار دیا ہے تاہم اگر واقعی معرکہ برابری پر ختم ہو گیا تو پھر کیا ہو گا ؟

 برابری کا منظر نامہ: 
برابری کا منظر نامہ اس وقت سامنے آئے گا جب دونوں میں سے ہر ایک امیدوار 269 الیکٹورل ووٹ حاصل کرے،الیکٹورل کالج میں مجموعی ووٹوں کی تعداد 538 ہے،امریکی آئین میں اس صورت حال سے نمٹنے کا حل موجود ہے جہاں انتخابات کو ایوان نمائندگان منتقل کیا جاتا ہے اور پھر کسی ایک امیدوار کے لیے ووٹنگ ہوتی ہے،اس منظر نامے کے تحت ہر ریاست کا صرف ایک ووٹ ہوتا ہے، لہذا انھیں یا ڈونلڈ ٹرمپ یا کملا ہیرس کو ووٹ دینا ہو گا،البتہ نائب صدر کی ووٹنگ سینیٹ کے ذریعے ہوتی ہے، صدر کے انتخاب کے برخلاف ہر رکن کو ووٹ دینا ہوتا ہے۔

امریکا کی تاریخ میں اب تک صرف ایک مرتبہ یعنی سال 1800 میں تھامس جیفرسن اور آرون بور کے درمیان انتخابات میں برابری کا نتیجہ دیکھنے میں آیا !اب دیکھنا ہے کہ 2024 کے امریکی انتخابات کس منظر نامے کے منتظر ہیں ؟

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی انتخاب میں پہلا نتیجہ آگیا

مزیدخبریں