نائب وزیراعظم کی برطانوی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انور عباس) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات سمیت علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نائب وزیر اعظم آفس کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اکتوبر 2024 میں منعقد ہونے والی دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے قریبی تعلقات کو ایک بہتر اسٹریٹجک شراکت داری تک بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور برطانیہ کی مضبوط شراکت داری کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برٹش پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔
دوسری جانب سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی بطور رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی، انہوں نے پاکستان کے لیے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایف پی ایس سی کا نیا چیئرمین مقرر، یہ ذمہ داری کس کو ملی؟ اہم خبر آ گئی
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے برطانیہ کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔