(24 نیوز)حکومت کی جانب سے غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے انخلا کی مہم بلا تعطل جاری ہے۔ پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اب تک 1336 افراد کو متعلقہ اداروں کی مدد سے ملک سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2772 سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچایا گیا، جبکہ 2810 غیر قانونی مقیم افراد پہلے سے ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
پنجاب بھر میں غیر قانونی تارکین کے انخلا کے لیے 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں ان افراد کو متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:موسم گرم اورخشک رہےگا:محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تمام غیر قانونی مقیم تارکین کو ہر صورت واپس بھجوانا ضروری ہے اور انخلا کے عمل کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی نشاندہی کے لیے مختلف سکیورٹی ادارے، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کا استعمال کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ انسانی حقوق کی پاسداری کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ انخلا کا عمل شفاف اور منصفانہ ہو۔