پیرس اولمپکس: ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل میں کوالیفائی کر لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پیرس اولمپکس میں پاکستان کے ارشد ندیم اور بھارت کے نیرج چوپڑا نے جیولین تھرو کے فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پیرس میں جاری جیولین تھرو کوالیفائنگ راؤنڈ گروپ بی کے مقابلے شروع ہوگئے جہاں ان کے مدمقابل بھارتی حریف نیرج چوپڑا بھی تھے ، قومی ہیرو ارشد ندیم نے 86.59 کی تھرو پھینک کر مین راؤنڈ (فائنل) کے لیے کوالیفائی کرلیا ۔
پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں گروپ بی میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے 89 میٹر کی تھرو کی اور وہ پہلے نمبر پر رہے، گریناڈا سے تعلق رکھنے والے اے پیٹرز نے 88.63 میٹر کی تھرو کی اور وہ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم 86.59 میٹر کی تھری کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔
جیولن تھرو کے مقابلوں میں گروپ اے سے 4 کھلاڑیوں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا، جرمنی کے جولین ویبر 87.76 میٹر کی تھرو کی اور وہ پہلے نمبر پر رہے، کینیا کے جولیس ییگو 85.97 میٹر کی تھرو کی۔
یہ بھی پڑھیں:سونا مزید سستا ہوگیا
گروپ اے سے تیسرے نمبر پر رہنے والے چیک جمہوریہ کے جیکب وڈلیچ نے 85.63 میٹر کی تھرو کی، فن لینڈ کے ٹونی کیرنن نے 85.27 میٹر کی تھرو کی اور وہ گروپ میں چوتھے نمبر پر رہے۔
پیرس روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ میں پوری طرح فٹ اور اچھی طرح سے تیار ہوں، میں نے اس ایونٹ کے لیے بہت محنت کی ہے، میں پاکستان کے لیے میڈل لانے کی بھرپور کوشش کروں گا، مجھے لگتا ہے کہ میں اپنے مقصد میں کامیاب ہوجاؤں گا۔
دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس 2024 کے جولین تھرو کے مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم کی کامیابی کے لئے دعاء اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی شاندار کارکردگی اور انتھک محنت سے پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جولین تھرو کھیل کی ترویج کے لیے ارشد ندیم کی خدمات قابل قدر ہیں،آپ کی محنت اور لگن نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے ،انہوں نے کہا کہ مارچ 2024 میں وزیراعظم ہاؤس میں ارشد ندیم سے ملاقات کر کے دلی خوشی ہوئی ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اسے مزید نکھارنے کی ضرورت ہے ،حکومت پاکستان میں بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔