تشدد کا شکار کم سن گھریلو ملازمہ رضوانہ مکمل صحت یاب، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اہم اعلان کر دیا

Dec 06, 2023 | 15:21:PM

(رومیل الیاس،کومل اسلم) سول جج کی اہلیہ کے تشدد کا شکار ہونے والی کم سن گھریلو ملازمہ رضوانہ کو 6 ماہ بعد مکمل صحت یاب کے بعد جنرل ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، کم سن ملازمہ کے صحت یاب ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے  بچی ، والدین اور ہسپتال عملے کو مبارکباد دی۔ 

تفصیلات کے مطابق رضوانہ کو جنرل ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے ، رضوانہ نے ویڈیو پیغام میں اپنی صحت یابی بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب میں مکمل صحت یاب ہوں اور بہتر محسوس کر رہی ہوں ،جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز ،نرسز اور عملے نے میرا بہتر خیال رکھا، رضوانہ کے ڈسچارج ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے دلی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور ڈاکٹرز کی محنت سے بچی رضوانہ صحت یابی ہوئی،رضوانہ کا 6ماہ بعد ہسپتال سے ڈسچارج ہونا خوشی کا لمحہ ہے ،بچی رضوانہ، والدہ و دیگر اہل خانہ کو مبارکباد دیتا ہوں،رضوانہ کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز ،دیگر عملے کی کاوشیں قابل ستائش ہیں،بچی رضوانہ کی تعلیم پر توجہ دیں گے اور اس کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔

مکمل صحت یابی پر جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز ،نرسز ،عملے کی جانب سے رضوانہ کو تحائف دئیے گئے،ہسپتال عملے کا کہنا تھا کہ رضوانہ 6 ماہ ہمارے پاس رہی ،بڑی باہمت بچی ہے،ڈاکٹرز ،نرسز اور عملے کا رضوانہ کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہارڈاکٹرز ،نرسز اور عملے نے رضوانہ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں ۔ 

اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رضوانہ چند ماہ پہلے جنرل ہسپتال میں آئی تھی، رضوانہ بچوں پر ہونے والے ظلم و ستم کی آواز بن گئی،آج رضوانہ ہسپتال سے ڈسچارج ہو رہی ہے،رضوانہ کی تعلیم و تربیت کا مکمل خیال رکھا جائے گا،رضوانہ کے تمام زخم بھر گئے ہیں انفیکشن بھی ختم ہو گیا ہے،رضوانہ کا علاج کرنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،رضوانہ کو دنیا کی مہنگی ترین ادویات دی گئیں،رضوانہ اب بالکل ٹھیک ہے مزید ہسپتال میں رکھنے کی ضرورت نہیں،رضوانہ کا ہسپتال کے ڈاکٹرز اور نرسز سے دل لگ چکا ہے،رضوانہ ہسپتال سے ملے پیار و محبت اور شفقت کے باعث یہاں سے جانا نہیں چاہتی،چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور محکمہ سوشل ویلفیئر رضوانہ کا ری ہیب پروگرام جاری رکھیں گے،میڈیا مائیکس تک نہ پہنچنے کے باعث ڈاکٹر جاوید اکرم نے رضوانہ کو اٹھا کر میڈیا سے گفتگو کروائی۔ 

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے بھی اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کی اور بتایا کہ رضوانہ بیوٹیشن بنا چاہتی ہے،سارہ کو کھانا پکانے کا بھی شوق ہے،رضوانہ کی خواہش کے مطابق اسکی تعلیم و تربیت کی جائے گی،چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رضوانہ کی تعلیم اور بہتر نگہداشت کے انتظامات کئے جائیں گے، عدالتی احکامات پر رضوانہ کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو تحویل میں لے رہا ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ رضوانہ کا دن رات علاج ہوا،رضوانہ کے علاج معالجے کی نگرانی وزیراعلٰی پنجاب خود کر رہے تھے،رضوانہ جب یہاں آئی تو اسکے جسم کا کوئی حصہ ایسا نہیں تھا جہاں زخم نہ ہو،آج جنرل ہسپتال کے لئے ایک تاریخی دن ہے۔

یہ بھی پڑھیں :توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران خان اور فواد چودھری کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کا فیصلہ

مزیدخبریں