(رانا شہزاد) چودھری شجاعت حسین کی بہن بیگم قیصرہ الٰہی کا کہنا ہے کہ میرے بھتیجے اتنے ہی بہادر ہیں تو میدان میں آکر الیکشن لڑیں، یہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کریں۔
گجرات میں چودھری شجاعت حسین کی بہنوں بیگم قیصرہ الٰہی اور بیگم سمیرہ الٰہی نے پریس کانفرنس کی، صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بیگم قیصرہ الٰہی نے کہا کہ میرے بھائی چودھری شجاعت حسین کے بیٹے ہمارے گھر پر چھاپے مروا رہے ہیں، ظہور الٰہی ہاؤس جس کا پاکستان بھر میں ایک نام ہے اس کی تذلیل کر رہے ہیں، خواتین اور ملازمین کو ہراساں اور تنگ کیا جا رہا ہے، میرے بھتیجے اتنے ہی بہادر ہیں تو میدان میں آکر الیکشن لڑیں۔
یہ بھی پڑھیں: 1970 سے ابتک انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ کتنا رہا؟ رپورٹ جاری
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سے مل کر ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کریں، یہ ہم پر الزام لگاتے ہیں کہ خواتین سیاست میں آ گئی ہیں، میں تو جب یہ پیدا بھی نہیں ہوئے تھے تو اپنے والد چودھری ظہور الٰہی شہید کی گرفتاری کے بعد سیاست میں آئی تھی، الیکشن میں جو 2 دن رہ گئے ہیں اپنے والد چودھری شجاعت حسین کا ذکر کریں، یہ ہمارے والد چودھری ظہورالٰہی شہید کا نام استعمال نہ کریں، انہیں کس بات کا خوف ہے چودھری پرویز الٰہی جیل میں ہیں اور مونس الٰہی ملک سے باہر ہے تو یہ کس سے ڈر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سمیرہ الٰہی کا کہنا تھا کہ ہمیں خدا پہ یقین ہے کہ ہم انہیں عبرتناک شکست دیں گے، کل رات کو شافع کی ایما پر یہ پولیس لے کر ہمارے گھر میں گھسے ہیں، ان کو شرم آنی چاہئے، کیا ایسے الیکشن کا مقابلہ ہوتا ہے، کل رات کے واقعے کے بعد گجرات میں کون لوگ ہیں جو ان کوووٹ دیں گے، چودھری ظہور الٰہی بہادر، جرات مند، خوددار، غیور، ذہین اور مشکل وقت میں اپنوں کے ساتھ کھڑے ہونے والا شخص تھا، منگل کو چودھری شجاعت حسین کی گجرات آمد پر ظہور الٰہی ہاؤس میں رہائش کے تمام انتظامات مکمل تھے۔
سمیرہ الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین ہمیشہ ظہور الٰہی ہاؤس میں ٹھہرتے تھے، اب جو یہ کر رہے ہیں اس کی پردہ پوشی کیلئے انہیں نت ہاوس میں ٹھہرایا جا رہا ہے، اگر خدا نے موقع دیا تو انہیں بتا دیں گے کہ یہ گجرات سے کونسلر بھی منتخب نہیں ہو سکتے۔