بلوچستان میں قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے کتنے امیدواروں میں مقابلہ ہو گا؟

Feb 06, 2024 | 01:23:AM
بلوچستان میں قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے کتنے امیدواروں میں مقابلہ ہو گا؟
کیپشن: بلوچستان میں قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے کتنے امیدواروں میں مقابلہ ہو گا؟
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عیسیٰ ترین) 8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر ایک ہزار 688 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔

صوبہ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اورصوبائی اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر 8 فروری کو مدِمقابل ہونے والے امیدواروں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اختر مینگل، سابق وزرائے اعلیٰ سردار ثناء اللہ زہری، جام کمال خان، ڈاکٹر عبدالمالک، مولانا عبدالغفور حیدری، سردار یعقوب خان ناصر، خالد مگسی، محمود خان اچکزئی سمیت اہم امیدوار مدمقابل ہیں، سب سے بڑا مقابلہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے261 میں ہو رہا ہے جہاں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر جان مینگل، سابق وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری اور سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری مدمقابل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:1970 سے ابتک انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ کتنا رہا؟ رپورٹ جاری

صوبہ بلوچستان میں کل رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد 53 لاکھ 71 ہزار 947 ہے جن میں مرد ووٹروں کی تعداد 30 لاکھ 16 ہزار 164 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 23 لاکھ 54 ہزار 783 ہے، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، پشین اور خضدار کے علاوہ قومی اسمبلی کی ایک نشست کئی اضلاع پر مشتمل ہے، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 شیرانی، ژوب، قلعہ سیف اللہ سے 17 امیدوار مدمقابل ہیں، این اے252 موسیٰ خیل، بارکھان، لورالائی، دکی کے اضلاع پر مشتمل حلقہ ہے، یہاں سے دو روایتی سیاستدان سردار یعقوب خان ناصر اور میر باز محمد کھیتران سمیت 35 امیدوار مدمقابل ہیں۔

این اے253 ہرنائی، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی پر مشتمل ہے جہاں سے نواب زادہ شازین بگٹی اور دوستین ڈومکی سمیت 30 امیدوار مدمقابل ہیں، این اے254 جھل مگسی، کچھی، نصیرآباد پر مشتمل ہے جہاں سے خالد مگسی، یارمحمد رند اور ہمایوں عزیز کرد سمیت 27 امیدوار مدمقابل ہیں، این اے 255 صحبت پور، جعفر آباد، اوستا محمد، نصیر آباد پرمشتمل حلقہ ہے جہاں سے میر چنگیز خان جمالی، میرخان محمد جمالی سمیت 46 امیدوار میدان میں ہیں، این اے256 خضدار سے اختر جان مینگل سمیت 15 امیدوار، این 257 حب، لسبیلہ، آواران میں جام کمال اور اسلم بھوتانی سمیت 18 جبکہ این اے258  پنجگور، کیچ سے 18 امیدوار مدمقابل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن ڈیوٹی سے انکار کرنا سرکاری ملازمین کو مہنگا پڑ گیا، ریٹرننگ آفیسر نے بڑا حکم جاری کر دیا

این اے259 کیچ، گوادر سے ڈاکٹر عبدالمالک اور کہدہ بابر سمیت 20 ، این اے26 چاغی، نوشکی، خاران، واشک سے 25، این اے 261 سے 27 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، اسی طرح این اے 262 کوئٹہ 1 سے 38 ، این اے 263 کوئٹہ 2 سے محمود خان اچکزئی اور لشکری رئیسانی سمیت 46 ، این اے264 کوئٹہ3 سے اخترمینگل، ہمایوں عزیز کرد، نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی سمیت 35 امیدوار مدمقابل ہیں۔

این اے265 پشین سے مولانا فضل الرحمان سمیت 23 جبکہ این اے 266 قلعہ عبداللہ و چمن سے محمود خان اچکزئی سمیت 20 امیدوار مدِمقابل ہیں۔