(احمد منصور)شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 12خوارج ہلاک ہو گئے جبکہ پاک فوج کے جوان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق حسن خیل میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی،سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا،جس کے نتیجے میں 12 خوارج مارے گئے،فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد ابراہیم بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے،34 سالہ لانس نائیک محمد ابراہیم شہید کا تعلق ہنگو سے تھا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے خارجی دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوئے،ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں سکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے،آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر خارجی دہشت گردوں، ان کے ہمدردوں اور سہولت کاروں سے پاک کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ میں مذاکرات؟ اعظم سواتی نے بڑا دعویٰ کر دیا