(ویب ڈیسک ) امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے ٹیکس چوری کیس میں اعتراف جرم کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہنٹر بائیڈن کو 17 سال قید اور 10 لاکھ ڈالر جرمانہ ہوسکتا ہے۔امریکی صدر کے بیٹے کے خلاف کیس کا فیصلہ 16 دسمبر کو سنایا جائے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق عموماً اس نوعیت کے کرمنل کیسز میں اعتراف جرم کورٹ ٹرائل کے بغیر پراسیکیوٹر کیساتھ ہی معاہدے کے تحت کرلیا جاتا ہے تاکہ سزا میں کمی کا امکان پیدا ہوسکے تاہم اس کیس میں ایسا نہیں کیا گیا۔اس سے قبل ہنٹر بائیڈن کے وکیل نے الزامات میں ارتکاب جرم کو تسلیم کرنے کے بغیر اعتراف جرم کرنے کیلئے الفورڈ پلی کی درخواست دی تھی جس پر پراسیکیوٹر کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا۔
وقفے کے بعد ہنٹر بائیڈن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل پراسیکیوٹر سے کسی معاہدے کے بنا اور سزا میں کوئی نرمی مانگے بغیر ہی اعتراف جرم کرنا چاہتے ہیں۔خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہنٹر بائیڈن پر ٹیکس کی مد میں کم از کم 14 لاکھ ڈالر ادا نہ کرنے کا الزام تھا۔ہنٹر بائیڈن کے اعتراف جرم کا مقصد اپنے خاندان کو مزید شرمندگی سے بچانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یو اے ای نے سعودی عرب سمیت دیگر عرب ملکوں کو پیچھے چھوڑ دیا، اہم اعزاز حاصل کرلیا