لاہور کےمختلف علاقوں میں بارش،متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری

Aug 07, 2024 | 10:13:AM

(24 نیوز) لاہور شہر کے مختلف  علاقوں میں بارش شروع ہوگئی، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے  تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ۔ 

لاہور کے علاقوں اردو بازار،انارکلی سمیت ملحقہ علاقوں میں بارش کے بعد ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا، ایم سی ایل، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی فیلڈ میں موجود رہیں ۔ 

 ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز آب نکاسی آپریشن کا جائزہ لیں، واسا ڈسپوزل سکواڈ کو فعال رکھیں. ایم سی ایل اور واسا کیمپس میں مشینری و عملہ موجود ہو. بارشی پانی کو ترجیحی بنیادوں پر نکالا جائے. شہر کی اہم شاہراہوں، گلی اور محلوں سے آب نکاسی یقینی بنائی جائے. نشیبی اور سورنگ پوائنٹس کی طرف خصوصی توجہ دی جائے. 

  انہوں نے کہا کہ شہری بجلی کے کھمبے اور تاروں کو چھو کر نہ گزریں. شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں.

محکمہ موسمیات نے ملک کے  دیگر حصوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ شمال مشر قی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخو پورہ، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، فیصل آباد، سر گو دھا، بھکر اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور حافظ آباد میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خیرپور : تین بچیاں جھیل میں ڈوب گئیں،دو جاں بحق،ایک کو بچا لیا گیا

اس کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، صوابی، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرم، اورکزئی، وزیرستان اوربنوں میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، دیر، سوات، مالاکنڈ، صوابی، نوشہرہ، مردان، پشاور اور باجوڑ میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔

بلوچستان  اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور حبس رہے گا تاہم خضدار، لسبیلہ، آواران، موسیٰ خیل، ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، قلات اور بارکھان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے  مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

مزیدخبریں