نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کیلئے ڈرگ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

Jul 07, 2024 | 18:49:PM

(اویس کیانی) وزارت انسدادِ منشات نے نئی نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کیلئے ڈرک مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا۔

وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اے این ایف  ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا  اور اے این ایف کے اعلی حکام بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے، محسن نقوی کی آمد پر ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے ان کا خیر مقدم کیا، انہوں نے اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر حاضری دی، یادگار شہداء پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، بعد ازاں وزیر داخلہ نے پودا بھی لگایا۔

وفاقی وزیرداخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی کی زیر صدارت اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں محسن نقوی نے  کم وسائل و افرادی قوت کے باوجود پاکستان بھر میں ڈرگ مافیا کے خلاف موثر کارروائیوں پر اے این ایف کی کارکردگی کو سراہا، اجلاس میں نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے ڈرگ مافیا کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا، ساتھ ہی اس کے لیے جامع پلان طلب کیا گیا۔

جامع پلان کے مطابق سرکاری و نجی یونیورسٹیز، کالجز اور ہاسٹلز میں  منشیات خصوصا آئس کی خرید و فروخت روکنے کے لئے بھرپور کارروائی کی جائے گی، اس ضمن میں صوبوں سے مشاورت کی جائے گی اور اعتماد میں لیا جائے گا، وفاقی و صوبائی محکموں کا مشترکہ اجلاس رواں ماہ کے آخر میں  منعقد ہو گا، صوبوں کے وزراء ایکسائز اور آئی جیز پولیس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ 

اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ  و  انسداد منشیات محسن نقوی کو اے این ایف کی کارکردگی، افعال کار اور آپریشنز کے بارے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں منشیات کی آن لائن خرید و فروخت روکنے کے لیے بھی پلان طلب کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دفعہ 144 نافذ

وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اے این ایف کو سائبر ڈرگ کنٹرول میکنزم تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منشیات خصوصا آئس کی لعنت نے کئی خاندان تباہ کر دئیے ہیں، منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر کثیر الجہتی اقدامات کرنا ہوں گے، اپنے بچوں کے لیے سب نے پوری قوت اور پختہ عزم سے اس لعنت کے خلاف جہاد کرنا ہے،  آج ہم نے اس لعنت کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈال دیا تو یہ بہت بڑا کارِ خیر ہو گا۔

مزیدخبریں