مقابلہ حسن کی فاتح کو جسمانی طور پر ہراساں کیے جانے کا انکشاف

ممبئی میں ایک شخص نے مجھ پر جسمانی حملہ کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، نیہال شوداساما

Mar 07, 2025 | 13:15:PM
مقابلہ حسن کی فاتح کو جسمانی طور پر ہراساں کیے جانے کا انکشاف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: سوشل میڈیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)بھارتی ماڈل اور مقابلہ حسن کی فاتح نیہال شوداساما نے خودکوجسمانی طورپرہراساں کیے جانے کاانکشاف کیاہے۔ 

نیہال نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ممبئی میں ایک شخص کے ہاتھوں جسمانی حملے اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔

نیہال نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ یہ واقعہ 16 فروری کو ممبئی میں پیش آیا تھا، حملہ آور وہ شخص تھا جسے وہ دو سال سے جانتی تھیں، اس شخص نے ان کی بائیں کلائی اور بازو کو زور سے مروڑا، اور پھر انہیں اتنا زور دار تھپڑ مارا کہ ان کا کان بجنے لگا اور گال سرخ ہوگیا۔

بھارتی ماڈل نے مزید بتایا کہ حملہ آور نے انہیں پکڑ کر پھینک دیا،جس سے ان کے جسم پر چوٹوں کے نشانات پڑ گئے،اس کے بعد اس شخص نے انہیں گاڑی سے کچل دینے کی دھمکی بھی دی۔

نیہال کے مطابق یہ شخص مہینوں سے انہیں ہراساں کر رہا تھا، وہ عوامی مقامات پر ان کا پیچھا کرتا اور مختلف طریقوں سے انہیں ذہنی اذیت دیتا رہا،میں نے اسے کئی بار روکا، لیکن جب سختی سے کہا کہ وہ انہیں چھوڑ دے، تو وہ مشتعل ہو کر تشدد پر اتر آیا۔

حادثے کے بعد نیہال نے قریبی پولیس اسٹیشن جا کر ایف آئی آر درج کروائی تو ممبئی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

 تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ اس شخص کے خلاف پہلے سے ہی دھوکا دہی اور دیگر مجرمانہ مقدمات درج تھے۔

نیہال نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ حملے کی یادیں انہیں مسلسل ستا رہی ہیں، لیکن انہوں نے اپنی کہانی کو صرف ہمدردی حاصل کرنے کےلیے شیئر نہیں کیابلکہ وہ دوسری خواتین کوحوصلہ دینا چاہتی ہیں تاکہ وہ بھی اپنی آواز بلند کرسکیں۔

انہوں نے لکھاکہ میں شدید صدمے میں ہوں کیونکہ حملے کی یادیں بار بار ذہن میں آ رہی ہیں۔ لیکن میں نے خود کو مضبوط کیا اور چند دنوں میں سنبھل گئی کیونکہ مجھے اپنے لیے لڑنا تھا اور اپنی آواز بلند کرنی تھی۔

نیہال نے مزید کہاکہ اگر ایک خودمختار عورت، جو ہمیشہ خواتین کے حقوق کےلیے آواز بلند کرتی رہی ہے، ممبئی جیسے بڑے شہر میں دن دیہاڑے اس ظلم کا شکار ہوسکتی ہے، تو پھر یہ کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے، خواتین کہیں بھی محفوظ نہیں، نہ گھروں میں، نہ سماجی حلقوں میں، نہ کسی اور جگہ۔

نیہال کی پوسٹ پر کئی معروف اداکاروں نے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی اداکارہ شہناز گل کی وائرل ویڈیوپرصارفین سیخ پا،مغرور قرار دیدیا

اداکارہ یوکتا اپادھیائے اور بصیر علی سمیت دیگر فنکاروں نے نیہال کے حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

نیہال نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھاکہ میں نے ابھی تک حملہ آور کا نام اور تفصیلات ظاہر نہیں کیں، لیکن جب ضرورت پڑی تو ضرور کروں گی، یہ عورت اب غصے میں ہے اور نڈر ہے۔