(امانت گشکوری)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت انسداد دہشتگردی عدالتوں سے متعلق اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں انسداد دہشتگردی عدالتوں کے مانیٹرنگ ججز سمیت پراسیکیوٹر جنرلز نے شرکت کی،انسداد دہشتگردی عدالتوں میں اصلاحات کیلئے تجاویز پیش کی گئیں،اجلاس کے دوران انکشاف ہوا کہ ملک میں 2273 دہشتگردی کے مقدمات زیر التوا ہیں، صوبہ سندھ میں 1372 دہشتگردی کے مقدمات زیر التوا ہیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مقدمات زیر التوا ہونے پر تشویش کا اظہار کیا، اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے سندھ فرانزک لیب کو بلوچستان فرانزک لیب فعال کرنے میں معاونت کی ہدایت کی،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ججز کو بلا خوف و رغبت انسداد دہشتگردی مقدمات کے فیصلوں کی ہدایت کی۔
اجلاس میں اے ٹی سی کورٹس کو درپیش مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا،دہشتگردی مقدمات کے گواہان کی بحفاظت پیشی یقینی بنانے پر بھی غور ہوا،اجلاس میں دہشتگردی مقدمات کے گواہان کو ویڈیو لنک پر پیش کرنے پر غور کیا گیا،اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں فرانزک سائنس لیبارٹریز اور انسداد دہشت گردی عدالتوں کی تعداد بڑھانے پر بھی غور کیا گیا،چیف جسٹس نے انسداد دہشتگردی عدالتوں کے ججز کی بین الاقوامی معیار کی تربیب کی ہدایت کی،اٹارنی جنرل سمیت صوبائی پراسیکیوٹر جنرلز کو مسائل حکومتی سطح پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی گئی،دہشتگردی مقدمات شفاف طریقے سے نمٹانے کیلئے حکومتی وسائل بروکار لانے پر زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:انصاف تک رسائی اور فوری فراہمی ،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا بڑا فیصلہ