آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد فلسطینی عوام سے ہماری یکجہتی کا اظہارہے : شیری رحمان
آج پورا پاکستان متحد ہو کر اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف اپنی آواز کو بلند کرے گا: یوم یکجہتی فلسطین پر پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کاکہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد فلسطینی عوام کے ساتھ ہماری مستقل حمایت اور یکجہتی کا اظہار ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے 7 اکتوبر یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج پورا پاکستان متحد ہو کر اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف اپنی آواز کو بلند کرے گا۔
ان کاکہنا تھا کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت اور جنگی جنون کو آج ایک سال مکمل ہو چکا ہے، ایک سال سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 16 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: غزہ پرعالمی قوتوں کی خاموشی اتنی ہی قابل مذمت جتنے اسرائیلی مظالم: وزیراعظم
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں، تقریباً 23 لاکھ افراد، یعنی 90 فیصد سے زائد آبادی کو زبردستی اپنے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا ہے، غزہ کا اہم انفراسٹرکچر، رہائشی مکانات، معیشت، زرعی زمینیں، اور ماہی گیری کا نظام بڑی حد تک تباہ ہو چکے ہیں۔
سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں امداد کی فراہمی کو محدود کر دیا ہے، جس سے قحط اور طبی سہولیات کی کمی مزید بڑھ گئی ہے، آج ایک سال بعد، 7 اکتوبر 2024 کے دن، اسرائیل نہ صرف فلسطین بلکہ لبنان، ایران، شام اور یمن سے بھی براہِ راست جنگ میں مصروف ہے، اس ایک سال میں اسرائیل مشرق وسطیٰ اور عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے، اسرائیلی جنگی جنون کو روکنا عالمی دنیا کی ذمہ داری ہے۔