حلقہ این اے 4 سوات سے منتخب ممبر قومی اسمبلی سہیل سلطان کی نااہلی کیلئے ریفرنس دائر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عثمان خان) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 سوات سے منتخب ہونے والے ممبر قومی اسمبلی سہیل سلطان کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس موصول ہو گیا، سپیکر قومی اسمبلی نے ان کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 سوات سے منتخب شدہ ممبر قومی اسمبلی سہیل سلطان کے خلاف ریفرنسں موصول ہوا ہے، ریفرنس سوات کے شہری نصراللہ خان کی طرف سے جمع کرایا گیا، ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ سہیل سلطان نے اپنی سرکاری ملازمت کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں جھوٹ بولا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریفرنس کے متن کے مطابق سہیل سلطان الیکشن سے پہلے بطور ڈپٹی اٹارنی جنرل خیبر پختونخوا کام کرتے رہے، قانون کے مطابق کوئی سرکاری ملازم ملازمت کے ختم ہونے کے 2 سال بعد تک الیکشن نہیں لڑ سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: ساڑھے 11ارب کی سرمایہ کاری کرنیوالی آئی پی پی نے کتنا منافع کما لیا؟ رپورٹ میں ہوشربا انکشافات
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست گزار نے سپیکر کو ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجنے کی استدعا کی، درخواست گزار نے مطالبہ کیا کہ ریفرنس پر فوری کارروائی کر کے متعلقہ ممبر کو نااہل قرار دیا جائے، دوسری جانب سپیکر نے قانونی کارروائی کے بعد سہیل سلطان کو نااہل کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔