خارجہ سطح پر جنگ لڑنے کیلئے تیار، فلسطین کے معاملے میں کوئی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا: بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم خارجہ سطح پر جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں ، فلسطین کے کیس کو دنیا میں لڑنے کے لیے ہم میں سے کوئی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایوان صدر میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کو کبھی نہیں بھولا، دنیا کو پیغام دینا ہوگا کہ پاکستان اگرچہ ایک غریب ملک ہے اور معاشی و دہشت گردی کے مسائل کا سامنا ہے، لیکن فلسطین کے معاملے پر پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتیں ایک پییج پر ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ کچھ قوتیں سمجھتی ہیں کہ پاکستان اس معاملے پر یکجہتی کا مظاہرہ نہیں کر رہا، لیکن آج کی اے پی سی اس بات کا پیغام بھیج رہی ہے کہ ہم سب فلسطین کے لیے یک آواز ہیں، پاکستان نے اقوام متحدہ میں اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب کا بائیکاٹ کیا اور اس اقدام میں وزیراعظم کی قیادت کو سراہا۔
بلاول بھٹو نے زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتیں فلسطین کے معاملے پر وزیراعظم کے ساتھ ہیں اور اگر کسی بھی رہنما کی ضرورت ہو تو وہ تیار ہیں، ہم خارجہ سطح پر جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں اور فلسطین کے کیس کو دنیا میں لڑنے کے لیے ہم میں سے کوئی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
بلاول بھٹو نے عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب فلسطین کے لیے سیاسی اور سفارتی محاذ پر جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں اور اگر وزیراعظم فیصلہ کرتے ہیں کہ مزید اقدامات کی ضرورت ہے تو کوئی جماعت پیچھے نہیں ہٹے گی۔
انہوں نے اسرائیل کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو یہ تاثر دیا گیا کہ فلسطین میں پہلے امن تھا اور ایک دن میں صورتحال بدل گئی، دنیا نے دیکھا کہ یرغمالیوں کے مسئلے کو بہت بڑا بنا دیا گیا، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ دنیا میں ایک بھی یرغمالی نہ ہو، فلسطینی 3 سے 4 نسلوں سے ظلم و ستم کا شکار ہیں، اور 7 اکتوبر کے بعد اسرائیل کی جارحیت کے پیچھے ایک مخصوص مقصد نظر آتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج میں سرکاری اور ضبط شدہ گاڑیوں کا استعمال، اہم انکشاف ہو گیا
انہوں نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے یرغمالیوں کے نام پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہا ہے اور اس کا مقصد فلسطین، لبنان اور یمن پر قبضہ کرنا ہے۔