"میرے پاس تم ہو"کا اختتام میری مرضی کے مطابق ہواتھا،ہمایوں سعید
دانش کےساتھ کوئی دوسری خاتون نہیں رہ سکتی تھی اس لیے کردار کو مارنے کا کہا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سینئر اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے مقبول ڈرامے "میرے پاس تم ہو"کا اختتام ان کی مرضی کے مطابق ہوا،انہوں نے ہی اپنے کردار دانش کو ماردینے کا کہا تھا۔
"میرے پاس تم ہو" کا آغاز 2019 ء کے وسط کے بعد ہوا تھاجس کی آخری قسط 25 جنوری 2020 کو سینماؤں میں دکھائی گئی تھی، ڈرامے میں مرکزی کردار دانش دل کا دورہ پڑنے کے بعد چل بسے تھے، یہ کردار ہمایوں سعید نے ادا کیا تھا،اس میں مہوش کا کردار عائزہ خان اور شہوار کا کردار عدنان صدیقی نے نبھایاتھا۔
ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ مہوش (عائزہ خان) ایک غریب گھرانے کی شادی شدہ خاتون ہوتی ہیں جو پیسوں کے لالچ میں اپنے شوہر (ہمایوں سعید) سے طلاق لے کر امیر شخص شہوار (عدنان صدیقی) سے تعلقات استوار کرکے ان سے شادی کرنے کی خواہش مند ہوتی ہے۔
ڈرامے کے اختتام پر ہمایوں سعید کے کردار کو مار دیا جاتا ہے جس پرشائقین نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاتھاکہ دانش کو نہیں مارنا چاہیے تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈپریشن کے باعث تین بارخودکشی کرنے کی کوشش کی، ثروت گیلانی
اب تقریباً پانچ سال بعد ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ ڈرامے کا اختتام ان کی مرضی کے مطابق لکھا گیا،انہوں نے ہی اپنے کردار کو مارنے کا کہا تھا۔
ہمایوں سعید نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے سترہویں اردو کانفرنس کے ایک سیشن میں بات کرنے کے دوران اعتراف کیا کہ انہوں نے ہی "میرے پاس تم ہو" کے اختتام پر دانش کے کردار کو مارنے کا کہا تھا، ڈرامے میں ان کا کردار ایسا تھا کہ ان کےساتھ کوئی بھی دوسری خاتون نہیں رہ سکتی تھی، اس لیے انہوں نے اس کردار کو مارنے کا کہا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اپنے کردار کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ہی لکھاری اور ہدایت کار کو کہا کہ ان کے کردار کو مار دیا جائے۔