(احتشام کیانی)اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں کے انتخابی نتائج جمع نہ کروانے پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے پٹیشن کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں اسلام آباد کی تینوں نشستوں کے انتخابی نتائج کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی، راجہ فیصل یونس اور طارق فضل چوہدری کے وکیل بھی الیکشن ٹریبونل میں پیش ہوئے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دئیے کہ کیا آپ نے فارم 45، 46 اور 47 جمع کرادئیے ہیں؟ راجہ خرم نواز کے وکیل نے جواب دیا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کر دی تھیں، جس پر جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دئیے کہ وہاں درخواست جمع کرا دی تو کیا ٹریبیونل کا کام رُک گیا؟انجم عقیل خان کے وکیل بولے، ہم نے جواب میں تمام فارمز بھی جمع کروائے ہیں۔
جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت پر تو وکیل نے کہا تھا کہ ہمارے پاس تو فارم 45، 46 اور 47 موجود ہی نہیں،کیا آپ فارمز 45، 46 اور 47 جمع کروائیں گے؟جس پر وکیل نے کہا کہ جی ہم جمع کروائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد کے 3 حلقوں میں مبینہ دھاندلی کیخلاف درخواستوں پر سماعت ملتوی
الیکشن ٹریبیونل نے طارق فضل چودھری کو تنبیہ کی کہ آئندہ سماعت تک فارمز جمع نہ ہوئے تو شوکاز نوٹس جاری کرینگے، جس کے بعد الیکشن ٹریبیونل نےراجہ خرم نواز کو 30 ہزار روپے اور طارق فضل چوہدری کو 20 ہزار جرمانہ عائد کرتے ہوئے پٹیشن کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کر دی۔