(24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینلز دینے کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے عوام کو بڑے ریلیف دے دیا، 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ’روشن گھرانہ‘ سکیم کے تحت سولر پینل دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے ’روشن گھرانہ‘ پروگرام کی منظوری کے لئے کل کابینہ اجلاس بلالیا، پنجاب کابینہ سولر پینلز کی فراہمی کے منصوبے کی کل باضابطہ منظوری دے گی۔
پنجاب حکومت50 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین کو سولر سسٹم دے گی، سولر پینل کی لاگت کا 90 فیصد پنجاب حکومت اداکرے گی، 10 فیصد صارف دے گا، سولر پینل 5 سال کی آسان اقساط پر صارفین کو فراہم کیے جائیں گے، سردیوں میں سولر پینل کی قسط نسبتاً کم ہو گی، پینل صرف حکومت دے گی، صارف کی ضرورت کے مطابق سرکاری بجلی اور سولر پینل سے حاصل ہونےو الی بجلی کے درمیان شرح کا تعین بھی ہوسکے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، ماضی کی تباہی کے اثرات سے عوام کو بچانے کی کوششیں کررہے ہیں، 5 سال بعد عوام کو موجودہ مسائل کا سامنا نہیں ہوگا، انشاءاللہ!
یہ بھی پڑھیں: اضافی بجلی بلوں کا معاملہ، اہم شخصیت کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
واضح رہے کہ بجلی کی لاگت میں اضافے اور توانائی کے بحران کے پیش نظر ’روشن گھرانہ‘ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا، شفاف طریقہ کار کے مطابق پہلے مرحلے میں غریب ترین گھرانوں کو سولرسسٹم دئیے جائیں گے۔