فوجی آپریشن عوام اور فوج میں دوریوں کا سبب بنتے ہیں،امیر جماعت اسلامی

Jul 08, 2024 | 21:04:PM
فوجی آپریشن عوام اور فوج میں دوریوں کا سبب بنتے ہیں،امیر جماعت اسلامی
کیپشن: حافظ نعیم الرحمان جلسے سے خطاب کر رہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران قوم کو مزید کسی اندھی لڑائی میں دھکانہ دیں،دہشتگردی پرویز مشرف کی ڈالروں کے عوض امریکی جنگ میں شرکت کا نتیجہ تھا،دہشتگردی کے اسباب پر غور کرنا ہو گا، عوام کو تعلیم، صحت دی جائے، نوجوانوں کو روزگار چاہئے،  فوجی آپریشن عوام اور فوج میں دوریوں کا سبب بنتے ہیں، آپریشن عزم استحکام پر قوم کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے تھا، نیشنل الیکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں ہوا۔ ہمارے ساتھ بیٹھیں گے تو حکمرانوں کو بتائیں گے کہ آپریشن کے کیا نقصانات ہوں گے، دوستوں کو دشمن اور دشمنوں کو دوست بنانے کی خارجہ پالیسی نہیں چلے گی۔ ضم شدہ قبائلی علاقوں کے عوام کو حق دیا جائے، قوم سے اپیل کرتا ہوں ”حق دو عوام کو“ تحریک کے تحت ہونے والے 12جولائی کے اسلام آباد دھرنا میں بھرپور شرکت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے باجوڑ پی کے 22میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ہونے والے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی سے انتخابی نشان چھن جانے پر ان کی حمایت کی، ہمارا فارم 45پر یکساں موقف ہے۔ تاہم یہ کہنا پڑے گا کہ ان کی حکومت نے بھی قبائلی عوام کے مسائل حل نہیں کئے، عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے، انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں امریکی جنگ میں دھکا دیا، ڈالر حکمرانوں نے ہضم کئے اور عوام کو بدامنی، بے روزگاری کے تحفے دیے گئے۔ حکمرانوں نے ڈالروں کے عوض ڈاکٹر عافیہ تک کو امریکیوں کے ہاتھوں فروخت کر دیا۔ دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ کی وجہ سے غیر ملکی ایجنسیوں کی مداخلت عام ہوئی، بھارتی ایجنسی را پاکستان میں لوگوں کو قتل کر رہی ہے، سکیورٹی ادارے آپریشن کرنے کی بجائے انھیں روکنے کی کوشش کریں۔ 

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے مذاکرات کریں۔ ہماری دوستی کلمہ کی بنیاد پر ہے، پاکستانیوں نے سالہاسال افغان بھائیوں کی میزبانی کی، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی نہیں ہونی چاہیے، چند شرپسند عناصر اگر یہ دہشتگردی کر رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ افغانستان کے عوام پاکستان کے دشمن ہیں، طالبان حکومت سے بات کی جائے۔ جماعت اسلامی ملک میں امن چاہتی ہے، ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں، امن کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کا تعاون چاہیے تو ہم کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی نے خیبرپختونخوا میں ”بنوقابل پروگرام“ کا آغاز کر دیا، لاکھوں نوجوانوں کو فری آئی ٹی ٹریننگ دے کر انھیں روزگار کمانے کے قابل بنائیں گے۔ بنو قابل پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں وسیع کر کے 10لاکھ نوجوانوں اور ایک لاکھ اساتذہ کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا 12جولائی کا اسلام آباد دھرنا مہنگائی اور ناجائز ٹیکسز کے خلاف ہے، کوئی سیاسی پارٹی عوام کی بات نہیں کر رہی، ہم مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی