کیا پراسیکیوٹر کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں کہ اعظم خان کا بیان تسلیم نہیں کیا جائے گا؟جسٹس گل حسن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر سزا کیخلاف اپیلوں پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر سے استفسارکیا کہ ایف آئی اے اعظم خان کی بجائے کیمرہ مین کے بیان پر انحصار کر رہی ہے؟کیا پراسیکیوٹر کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں کہ اعظم خان کا بیان تسلیم نہیں کیا جائے گا؟اعظم خان کا بیان ضائع ہونے کا سوچ کر کیمرہ مین کے بیان پر انحصار کر رہے ہیں؟
بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آج میں الیکٹرانک شواہد کے قابل قبول ہونے سے متعلق دلائل دونگا،الیکٹرانک شواہد سے متعلق ایکسپرٹس نے عدالت میں پیش ہو کر بیان دیا،چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ایکسپرٹس بطور ایکسپرٹ عدالت میں پیش ہوئے یا بطور گواہ؟مریم نواز کیس میں بھی لکھا تھا کہ جو ایکسپرٹ آتا ہے اس نے اپنی خصوصیت بتانا ہوتی ہے، ایکسپرٹ نے بتانا ہے کہ وہ کس چیز کا ایکسپرٹ ہے،ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی سمیت چار لوگوں کی لیکڈ آڈیو انٹرنیٹ پر موجود ہے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ لیکڈ آڈیو؟ اسے انٹرنیٹ پر کس نے پوسٹ کیا؟ پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے کہاکہ کسی نامعلوم کی جانب سے یہ آڈیو انٹرنیٹ پر ڈالی گئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا آپ انٹرنیٹ پر آنے والی ہر چیز کو درست مان لیتے ہیں؟میں تو انٹرنیٹ پر آنے والی ہر چیز کو درست تسلیم نہیں کرتا،انٹرنیٹ پر جھوٹ ہے جب تک کسی چیز کے درست ہونے کی تصدیق نہ کر لی جائے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے انٹرنیٹ پر آنے والی چیز پر دس دس سال سزا دیدی؟ پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے کہاکہ اظہر نامی شخص کا ویری فائیڈ ٹویٹر اکاؤنٹ ہے جس پر آڈیو اپلوڈ کی گئی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا اس اظہر کو بلا کر پوچھا گیا؟ اس اظہر سے پوچھیں تو سہی کہ اس نے وزیراعظم آفس کی آڈیو کیسے Bug کر لی؟اگر بَگ کر لی تو کیا وہ اسے عدالت میں پیش کرنے کی جرأت بھی کرے گا؟ یہ اظہر تو بہت کام کا آدمی ہے یہ تو اثاثہ ہے اور ہو سکتا ہے،اظہر نے وزیراعظم کے گھر سے وزیر خارجہ کے ساتھ گفتگو بَگ کر کے انٹرنیٹ پر لگا دی،آپ کہتے ہیں اظہر کو چھوڑ دیں لیکن جو اس نے کہا وہ بالکل درست ہے،آپ انٹرنیٹ والی آڈیو کو درست مان کر دس دس سال سزا بھی دے دیتے ہیں۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ یہ ہماری واحد شہادت نہیں ہے اسکے علاوہ اور بھی ہیں ،پی ٹی وی کے کیمرہ مین نے 27 مارچ کے جلسے کی ریکارڈنگ کی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے طنزیہ کہا کہ یہ تو آپکا سٹار گواہ ہے؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ اس کیمرہ مین نے بانی پی ٹی آئی کی تقریر ریکارڈ کی، پی ٹی وی کے کیمرہ مین نے بعد ازاں ایف آئی اے کو ریکارڈنگ کی سی ڈی فراہم کی، سی ڈی میں تقریر اور اسکا ٹرانسکرپٹ موجود ہے، پی ٹی وی کیمرہ مین نے بتایا کہ میں نے وزیراعظم کی تقریر ریکارڈ کی، کیمرہ مین نے بیان دیا کہ میں نے دیکھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کاغذ لہرایا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ کیمرہ مین یہ کیسے کہہ سکتا ہے وہ تو بتا سکتا ہے کہ یہ ریکارڈنگ میں نے ہی کی ہے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسارکیا کہ ایف آئی اے اعظم خان کی بجائے کیمرہ مین کے بیان پر انحصار کر رہی ہے؟کیا پراسیکیوٹر کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں کہ اعظم خان کا بیان تسلیم نہیں کیا جائے گا؟اعظم خان کا بیان ضائع ہونے کا سوچ کر کیمرہ مین کے بیان پر انحصار کر رہے ہیں؟ دفتر خارجہ کی ترجمان کی سائفر سے متعلق بریفنگ کا ٹرانسکرپٹ بھی موجود ہے،ہماری اگلی گواہ دفتر خارجہ کی ڈائریکٹر اقرااشرف ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ اقرااشرف نے اپنے بیان میں لکھا کہ یہ میرا حتمی بیان نہیں، لڑکی نے ایمانداری دکھائی کہ ایف آئی اے نے مجھ سے جلدبازی میں بیان لیا ہے،کیا آپ اقرااشرف کے غیرحتمی بیان پر انحصار کر سکتے ہیں؟
پراسیکیوٹر نے کہاکہ غیرحتمی کا یہ مطلب نہیں کہ جلدی میں بیان دیدیا بلکہ یہ ہے کہ مزید کوئی چیز شامل کی جا سکتی ہے، جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ میں تو ایک غیرحتمی بیان پر انحصار نہیں کر سکتا، آپ کر سکتے ہیں؟پراسیکیوٹر نے کہاکہ میرا صرف اس شہادت پر انحصار نہیں مزید بھی شواہد موجود ہیں،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ احسن اقبال نے کہیں شمالی کوریا یا کیوبا سے متعلق بیان دیا ہے،احسن اقبال نے کہا کہ کیوبا یا شمالی کوریا نہیں بننا چاہتے بلکہ امریکہ کے اتحادی بننا چاہتے ہیں،احسن اقبال کے بیان پر کیوبا کے سفیر نے کہا کہ آپ ہمارا یہ حال کر رہے ہیں،ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ میں کل اپنے دلائل مکمل کرنے کی کوشش کرونگا، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر کے بعد درہم اور ریال نےبھی روپے کو پچھاڑ ڈالا قیمت کہاں تک پہنچ گئی ؟جانیے