(24 نیوز)پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی کی پرواز ڈھائی گھنٹے پہلے پرواز کر گئی،قومی ایئر لائن پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی کی پرواز مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے پہلے پرواز کر گئی۔
ذرائع کے مطابق پی کے 784 کے پیشگی پرواز کرنے سے متعدد مسافر ٹورنٹو ایئر پورٹ پر رہ گئے، پرواز 6 اکتوبر کو ٹورنٹو سے روانہ ہوئی تھی۔پرواز پی کے 784 سات اکتوبر کو مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے پہلے کراچی پہنچ گئی۔ایئر لائن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو اگلی پرواز کے لیے ضرورت تھی اس لیے ٹورنٹو سے ڈھائی گھنٹے پہلے پرواز روانہ ہوئی۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے 784 تبدیل شدہ وقت کے مطابق ڈھائی گھنٹے پہلے ٹورنٹو سے روانہ ہوئی، مسافروں کو پرواز کے وقت میں تبدیلی سے آگاہ کر دیا گیا تھا، پرواز پی کے 784 پر 254 مسافروں نے سفر کیا۔
مزید پڑھیں:آپریشنل مسائل، کراچی، لاہور و اسلام آباد کی 7 پرواز منسوخ
ترجمان نے بتایاکہ بعض مسافروں کے فون نمبر درست نہیں تھے، جنہیں اطلاع نہیں ہو سکی، کچھ مسافروں کی بکنگ میں ان کے فون نمبر کی جگہ ٹریول ایجنٹ کا نمبر درج تھا، 7 سے 8 مسافر پرواز میں سوار ہونے سے رہ گئے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو مسافر پی کے 784 میں سوار ہونے سے رہ گئے انہیں پرانے ٹکٹ پر ہی اگلی پرواز سے کراچی لایا جائے گا، ایک بار پھر مسافروں سے درخواست کرتے ہیں کہ بکنگ کے وقت اپنے درست نمبر درج کیا کریں، غلط نمبر یا ٹریول ایجنٹ کا نمبر درج ہونے پر پرواز سے متعلق اطلاع بروقت نہیں مل سکتیں۔