پاک چین جوہری تعاون ،چین کے سفیر کا پاکستان کے آپریشنل نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ

پہلی بار کسی ملک کے سفیر کا پاکستان میں آپریشنل نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ

Sep 08, 2024 | 00:44:AM

(اویس کیانی)کراچی میں موجود چین کے تعاون سے قائم کئے گئے نوکلیئر پاور پلانٹ کا پہلی بار کسی ملک کے سفیر  نے دورہ کیا ،یہ دورہ پاکستان اور چائنہ کے درمیان نوکلیئر یعنی جوہری تعاون کی عکاسی ہے،پاکستان میں چین کے سفیر مسٹر جیانگ زیڈونگ نے اپنے وفد کے ہمراہ کراچی میں2 نیوکلیئر پاور پلانٹس 'کے ٹو' اور 'کے تھری' کا دورہ کیا۔

 چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا ،یہ دونوں پاور پلانٹس دوست ملک چین کے تعاون سے قائم کئے گئے ہیں اور قومی گرڈ کو مجموعی طور پر 2200 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کررہے ہیں۔
 چینی وفد کو پاکستان کے نیوکلیئر پاور پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی، اپنے استقبالیہ کلمات میں چئیرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کہا کہ چینی مہمانوں کا یہ دورہ   پاکستان اور چین  کی حکومتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے جوہری تعاون  کا عکاس ہے،اس موقع پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی طرف سے پاکستان کے نیوکلیئر پاور پروگرام کے بارے میں تفصیلی اگاہ کیا گیا۔
 بعد ازاں  چینی سفیر نےاپنے خیالات کااظہار کرتےہوے کہا کہ وہ 'کے ٹو اور کے تھری' نیوکلیئر پاور پلانٹس سائٹ کا دورہ کرنے پر خوشی محسوس کرتے ہیں اور یہ دورہ چینی حکومت کی طرف سے دی جانے والی اہمیت کا عکاس ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں چینی کمپنیوں کی جانب سے تعمیر کیے گئے نیوکلیئر پاور پلانٹس یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود  اور معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ 
  چینی سفیر نے نیوکلیئر پاور پلانٹس کی ملحقہ آبادیوں میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلٹی CSR کے تحت اٹھائے گئے اقدامات میں خصوصی دلچسپی لی،آخر میں مہمانوں کو 'کے ٹو' نیوکلیئر پاور پلانٹ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرایاگیا،  معزز  مہمان پاکستان میں کسی آپریشنل نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ کرنے والے پہلے سفیر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2دہشت گرد ہلاک

مزیدخبریں