(سعید احمد سعید)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں گندم خریداری پلان پر اجلاس میں فلار ملز ایسوسی ایشن سے صوبے میں بہتر نرخوں پر گندم خریداری کے حوالے سے سفارشات طلب کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں گندم خریداری پلان پر اجلاس ہوا،وزیر زراعت پنجاب سید عاشق کرمانی اور معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمی بٹ کی پاکستان فلار ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان سے ملاقات کی جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ محمد اجمل بھٹی نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں بہترین فصل کی کاشت کے بعد کسانوں سے گندم خریداری پلان بارے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ فلار ملز ایسوسی ایشن سے صوبے میں بہتر نرخوں پر گندم خریداری کے حوالے سے سفارشات طلب کی گئیں،وفد ارکان نے پنجاب میں گندم کی بمپر فصل کاشت ہونے پر حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔
وزیر زراعت پنجاب سید عاشق کرمانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کسانوں کو گندم کی فصل کے بہتر نرخ دلوانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، آئی ایم ایف شرائط کے باعث پنجاب سمیت کسی بھی صوبے میں گندم کی سپورٹ پرائس کا اعلان نہیں کیا گیا ۔
اس دوران معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمی بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد شرائط ختم کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سپر لیگ میں پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی متعارف