ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کو تحفظ فراہم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے' علی عمران آصف

Apr 09, 2025 | 22:39:PM

(24نیوز)سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کو پیکا کے تحت تحفظ فراہم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے لیکن اصل آزمائش اس پر عملدرآمد ہے۔

 اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اب ایف بی آر کی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈیٹا کے تحفظ کیلئے محفوظ اور مضبوط نظام قائم کرے، اس کے لیے صرف تکنیکی حفاظتی اقدامات ہی نہیں بلکہ ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں کے اندر موثر احتساب کا نظام بھی ضروری ہے۔ اگر اس فیصلے کو واقعی موثر بنانا ہے تو اسے عملی اقدامات کے ساتھ جوڑنا ہوگا جن میں افسران کی جامع تربیت، شفاف آڈٹ سسٹمز کا قیام اور سائبر سکیورٹی کے اقدامات میں مسلسل بہتری شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کواہم انفرااسٹرکچر قرار دینا کسی بھی مسئلے کا جامع حل نہیں بلکہ ڈیٹا کے تحفظ کو ابھرتے ہوئے خطرات کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ضروری ہے اور یہ ضروری ہے کہ حکومت صرف اس قدم پر اکتفا نہ کرے،پاکستان کو سائبر سکیورٹی کے حوالے سے آگاہی کا ایسا کلچر فروغ دینا ہوگا جو نہ صرف سرکاری اداروں بلکہ نجی شعبے تک بھی پھیل سکے۔انہوںنے کہاکہ سائبر کرائم کا عالمی منظرنامہ مسلسل بدل رہا ہے اور ریاست کو اس کے مطابق ڈھالنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

مزیدخبریں