تیز ہوائیں اور گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش، محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا

Aug 09, 2024 | 20:36:PM
تیز ہوائیں اور گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش، محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے اور شدید بارشوں کے باعث برساتی نالوں طغیانی، نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر انتباہ بھی جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات کشمیر ، بالائی خیبرپختونخوا ، شمال مشرقی پنجاب ، خطہ پوٹھوہاراوراسلام آباد میں تیز ہواؤں /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقا مات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے، تاہم جنوبی پنجاب، شمال مشرقی /جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ  موسلادھار بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد:

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ (صبح) ہفتہ کے روز اسلام آباد اور گر دو نواح میں تیز ہواؤں/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقا مات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا:

صوبہ خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، صوابی، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ،مہمند، خیبر، باجوڑ، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، کرک ، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان، وزیرستان اور اورکزئی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد،کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک میں چند مقامات پرتیز/ موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

پنجاب:

صوبہ پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخو پورہ، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، فیصل آباد، سر گو دھا اور میانوالی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اسی دوران مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم،چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال ، لاہور اور حافظ آباد میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے، شام یا رات کے دوران بہاولنگر، بہاولپور، ملتان، خانیوال، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، راجن پور اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان:

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلا ع میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات میں قلات، خضدار، ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، آواران اور لسبیلہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی امید ہے۔

سندھ: 

صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور حبس رہے گا، تاہم مٹھی، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، خیرپور، کشمور، سکھراور گھوٹکی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

کشمیر/گلگت بلتستان:

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

انتباہ:

آج رات سے11اگست کے دوران شدید بارشوں کے باعث مری، گلیات، اسلام آباد/ راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، لاہور، حافظ آباد، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک اور کشمیر کے مقامی اور بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین ، لاہور، شیخو پورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، مردان، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا بھی اندیشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے خبردار کردیا
شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔