پارا چنار میں 20 کلو گھی 11 ہزار میں فروخت ہونے لگا، دیگر اشیاء بھی مہنگی

Jan 09, 2025 | 18:38:PM

(24نیوز)پارا چنار میں اشیاء خورو نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، 20 کلو گھی 11 ہزار میں فروخت ہونے لگا۔

راستوں کی بندش کے باعث اشیائے ضروریہ خریدنے کے لئے شہریوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جبکہ عوام سے من مانے نرخ وصول کیے جانے لگے۔ 

عوام کا کہنا ہے کہ اشیاء اپنی اصل قیمت سے کہیں زیادہ داموں پر بیچی جا رہی ہیں، جیسے کہ 20 کلو گھی 11 ہزار روپے میں اور پچاس کلو چینی 10 ہزار روپے کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔

ٹماٹر 600 روپے، پیاز 400 روپے، آلو 250 روپے، ہری مرچ 800 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہیں، جبکہ مالٹا 800 روپے فی درجن اور لیموں 600 روپے فی کلو کے داموں میں دستیاب ہیں۔

پارا چنار میں عوام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہونے کی وجہ سے سبزی اور دیگر ضروری اشیاء خریدنا بھی ان کے لئے مشکل ہوگیا ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں انڈوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، جہاں مارکیٹ میں ایک انڈے کی قیمت 30 سے 35 روپے وصول کی جا رہی ہے، اور انڈوں کی فی درجن قیمت 360 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا: مالی بے ضابطگیوں میں ملوث سابق ہیلتھ افسر گرفتار

مزیدخبریں