شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن شہید

Jul 09, 2024 | 17:22:PM
شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن شہید
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور، اویس کیانی) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور کیپٹن محمد اسامہ شہید ہو گئے۔

پاک آرمی کے ادارہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گروں کی فائرنگ کا موثر جواب دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور کیپٹن محمد اسامہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، شہید ہونے والےکیپٹن محمد اسامہ بن ارشد نے اکتوبر 2020 میں پاکستان آرمی کی این ایل آئی رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کی عمر 24 سال ہے جنہوں نے 4 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ انجام دیا، کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کے سوگواران میں والد، والدہ، ایک بھائی اور 4 بہنیں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کانگریس کی قرارداد امریکی بے بسی کا مظاہر ہے؟

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقےمیں ممکنہ دہشت گردوں کےخاتمےکیلئےکلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسزدہشت گردی کےخاتمےکیلئےپرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کومزیدتقویت دیتی ہیں۔

وزیراعظم کا پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیرستان میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن اسامہ بن ارشد کی شہادت پر شدید رنج و الم کا اظہار کیا، وزیراعظم نے شہید کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی، دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونے والے جوانوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

وزیرداخلہ کا پیغام

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئےشہید ہونے والے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد  کی قربانی کو خراج عقیدت کیا، انہوں نے شہید کیپٹن محمد اسامہ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شہید کیپٹن محمد اسامہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان وطن پر نچھاور کی، شہید کیپٹن محمد اسامہ نے جان دے کر دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ شہید کیپٹن محمد اسامہ جیسے بہادر بیٹے پاکستان کا فخر ہیں، قوم  اپنے بہادر سپوت کیپٹن محمد اسامہ کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی، سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے۔