شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف مشکل میں پھنس گئے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)بالی ووڈکے سپراسٹار شاہ رخ خان،اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف پان مسالہ اشتہار کے باعث مشکل کاشکارہوگئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جے پور کی عدالت نے نامور بالی ووڈ اداکاروں شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف کے خلاف ایک مبینہ گمراہ کن پان مسالہ کے اشتہار کی تشہیر سے متعلق نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام فریقین کو 19 مارچ کو صبح 10 بجے عدالت میں پیش ہونے اور نوٹس موصول ہونے کی تاریخ سے 30 دن کے اندر اپنے جواب فائل کرنے کا حکم دیا ہے۔
نوٹس جےپور کے ایک وکیل یوگندرا سنگھ بادیال کی جانب سے درج کی گئی شکایت کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے۔
بادیال کا الزام ہے کہ اشتہار میں استعمال ہونے والے نعرے "دانے دانے میں ہے کیسر کا دم "کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے، اشتہار کے ذریعے پان مسالہ کو ایسی خصوصیات کا حامل ظاہر کیا جا رہا ہے جو حقیقت میں موجود نہیں ہیں۔
اشتہار میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہر دانے میں کیسر کی طاقت موجود ہے، جس کی وجہ سے صارفین غلط فہمی کا شکار ہو کر ایک مہنگے اور قیمتی مادے کے نام پر یہ مصنوعات خرید رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:معروف فوک گلوکاراستاد پٹھانے خان کو بچھڑے 25 برس بیت گئے
بازار میں کیسر کی قیمت تقریباً 4 لاکھ روپے فی کلوگرام ہے جبکہ اس پان مسالہ کی قیمت صرف 5 روپے ہے، جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اس میں کسی قسم کا کیسر شامل نہیں ہے،اس گمراہ کن تشہیر کے باعث عوام کو نہ صرف مالی نقصان کا سامنا ہے بلکہ صحت سے متعلق بھی سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
بادیال نے متعلقہ کمپنی اور اداکاروں کے خلاف سخت کارروائی اور جرمانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ساتھ ہی اشتہار پر فوری پابندی عائد کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ریاست راجستھان کے شہر کوٹا میں بالی ووڈ اداکاروں کے خلاف ایک اورپان مسالہ برینڈ کی توثیق کرنے پر شکایت درج کرائی گئی تھی، جس کے بعد تینوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔