اجوکا کی جانب سے دو ڈرامے"شرم دی گل"اور"لپڑ"پیش کیے گیے
خواتین کے عالمی دن کے موقع پردونوں ڈراموں میں خواتین کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی گئی

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)اجوکا تھیٹرکی جانب سے خواتین کا عالمی دن دوڈرامے "شرم دی گل"اور "لپڑ" پیش کرکے منایاگیا۔
الحمرا ہال نمبر 2 میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پرپیش کیے گیے ان دونوں ڈراموں میں پاکستان میں خواتین کو درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالی گئی۔
ڈرامے "شرم دی گل"اور "لپڑ" (تھپڑ) میں جنسی تشدد، صنفی تعصب اور خواتین کو درپیش سماجی بدنامی جیسے موضوعات کو اجاگرکرتے ہوئے سماجی اور قانونی تبدیلی کی ضرورت پر ایک دردناک تبصرہ پیش کیا گیا۔
"شرم دی گل"کو شاہد ندیم نے لکھا اور نروان ندیم نے ڈائریکٹ کیا،اس ڈرامے میں ریپ کے شکار افراد کی کہانی بیان کی گئی جو پولیس، ہسپتالوں اور عدالتی نظام جیسے اداروں کے ہاتھوں مزید ذلت کا سامنا کرتے ہیں، ڈرامہ میں یہ اہم سوال بھی اٹھایا گیاکہ واقعی شرم کی بات کیا ہےَ؟ ریپ کا شکار ہونا یا ان کی مدد نہ کرنا؟
"شرم دی گل"میں عبداللہ ترمذی، اسماعیل، دانیال بشارت، لائبہ، شیزا بٹ، حسنین علی شیر، سید حسن سراج، تیمور شفیق اور ضیغم عباس نے اداکاری کے جوہردکھائے ۔
شاہدمحمود ندیم نے اس موقع پر کہاکہ یہ ڈرامہ متاثرین کے ساتھ ہونے والے ظالمانہ سلوک کو بے نقاب کرتا ہے، اور سماج کو انصاف کے طریقہ کار پر غور کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
دوسرے کھیل"لپڑ" کی اصل ہدایت کاری مدیحہ گوہر (مرحومہ) نے کی تھی، اس ڈرامہ میں ان ماؤں کودکھایاگیاجوایسے معاشرے میں بیٹیوں کو جنم دیتی ہیں جہاں لڑکی کی پیدائش پر اکثر غم کا اظہار کیا جاتا ہے۔
نروان ندیم نے اس موقع پرکہاکہ "لپڑ" کے ذریعے، ہم اس زہریلی ذہنیت کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں جو خواتین کو پیدا ہونے سے پہلے ہی کمتر سمجھتی ہے، اس ڈرامے میں ارم نوائی، رانیہ محسن، رضیہ ملک، ربیل بٹ، سماویہ زمان، فاطن شاہد، اریبہ نوید، شیزا بٹ اور ضیغم عباس نے اداکاری کی۔
یہ بھی پڑھیں:نازش جہانگیر نے دھوکہ دہی کے الزامات پرخاموشی توڑدی
لاہور آرٹس کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر توقیر حیدر کاظمی نے اس موقع پراجوکا ٹیم کی طاقتور پیشکش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اجوکا کے ڈرامے خواتین کے دن کے ایونٹ کا اہم نقطہ تھے۔