سانحہ 9 مئی:سیکیورٹی سخت،اسلام آباد اور پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)سانحہ 9 مئی کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
راولپنڈی میں 9 مئی کے حوالے سے سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے،گزشتہ روز سی پی او خالد ہمدانی کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنز سمیت سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور افسران کو ہدایات دی گئیں۔
سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی غیر قانونی اجتماع یا ریلی کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، سینئر افسران فیلڈ میں خود سیکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:کہیں دھوپ، کہیں بادل برسیں گے، موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی
انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
گزشتہ روز اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، شہر میں قانون کے خلاف اور بغیر اجازت احتجاج کرنے یا ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کسی نے 9 مئی کو قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
اسلام آباد پولیس کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ہرگز انتشار برداشت نہیں کرے گی، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے 9 مئی کو پُرامن احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔