(مشتاق بُھٹہ) لودھراں میں تیز رفتار ٹریلر کی موٹر سائیکل رکشے کو ٹکر سے میاں بیوی اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ لودھراں میں چک نمبر 100 ایم کے قریب پیش آیا، حادثے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ٹریلرکو قبضے میں لےکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق تیز رفتار ٹریلر نے اوورٹیک کرتے ہوئے رکشے کو ٹکر ماری۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت 14سالہ محمد سلمان، 10 سالہ ثناء الرحمان، 24 سالہ صابرہ بی بی، 10 سالہ کامران، 25 سالہ عابدہ بی بی اور 4 سالہ ساجدہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں نورفاطمہ، اللہ دتہ اور مسکان بی بی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: جائیداد کا تنازع، مسجد میں آئے بزرگ پر مخالفین کا تشدد،ویڈیو وائرل
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق شجاع آباد سے ہے جو شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے بہاولپور جارہے تھے۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے لودھراں کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
اس حوالے سے نگراں وزیراعلیٰ نے کمشنر ملتان ڈویژن اور آر پی او لودھراں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے غفلت کے ذمہ دار ڈرائیور کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔