(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج صوابی میں پاور شو کرے گی, اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر نے ہر صورت جلسے میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کوئی رکاوٹ نہیں روک سکتی، میانوالی سے قافلےکی صورت میں جلسہ گاہ میں شرکت کروں گا۔
صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز نے کہا ہے کہ کچھ لوگ صوابی پہنچ گئے ہیں، کچھ جانے کی تیاری کر رہے ہیں، لاہورکی قیادت آج دوپہر ایک بجے تک ہرصورت صوابی نکلے گی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے صوابی میں جلسے کے معاملے پر پنجاب حکومت بھی متحرک ہوگئی ہے، راولپنڈی اور اٹک پولیس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس لاہور کی جانب سے چار اضلاع کے ڈی پی اوز سمیت پنجاب کانسٹیبلری اور ہائی وے پیڑولنگ پولیس کی ڈیڑھ ہزار پولیس فورس کو آر پی او راولپنڈی کے حوالے کردیا گیا ہے، سینٹرل پولیس آفس نے فورس کو آر پی او راولپنڈی کی ڈسپوزل دینے کا مراسلہ بھی جاری کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : 5 جی انٹرنیٹ سروس کا اعلان
ڈی پی اور اٹک، چکوال، گجرات، منڈی بہاء الدین کو 200، 200 کی نفری کے ساتھ فوری طور پر راولپنڈی رپورٹ کرنے کی ہدایات کی گئی ہے جب کہ پنجاب کانسٹیبلری کی 500 اور پنجاب ہائی وے پیڑولنگ کی 200 نفری کو بھی راولپنڈی اور اٹک رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تمام ڈی پی اوز اور فورس آر پی او راولپنڈی کی صوابدید پر منحصر ہوگی، آر پی او یا ان کی جانب سے مجاز آفیسر فورس کی تعیناتی کرسکیں گے۔
مراسلے کے مطابق تمام فورسز فسادات سے نمٹنے کے لیے ضروری آنسو گیس شیلز اور دیگر اینٹی رائیٹ آلات سے لیس ہوں گی، فیول اور فورس کی ٹرانسپورٹیشن، کھانے و رہائش کے انتظامات کی ذمہ داری بھی سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک کے ذمہ ہوگی۔