اے آئی سسٹمز کے انسانی کنٹرول سے باہر ہونے کا خطرہ

Oct 09, 2024 | 16:01:PM

(ویب ڈیسک)مصنوعی ذہانت (AI) کے گاڈ فادر کے نام سے مشہور سائنسدان جیفری ای ہنٹن فزکس کے میدان میں سال 2024 کا نوبل انعام جیت گئے، اسی موقع پر انہوں اپنی تخلیق کردہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے خبردار بھی کردیا۔

یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے 76 سالہ پروفیسر نے مشین لرننگ اور اے آئی کا صنعتی انقلاب سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ" اس سے بنی نوع انسان کے مستقبل پر بہت اثر پڑے گا، لیکن ساتھ ہی ان سسٹمز کے 'کنٹرول سے باہر ہونے' کا خطرہ بھی ظاہر کیا۔"

سائنسدان نے کہا کہ "انسانوں سے جسمانی طاقت میں آگے بڑھنے کے بجائے یہ ذہنی صلاحیت میں ان سے بڑھ جائے گا، لوگ AI اسسٹنٹ کے ساتھ بہت کم وقت میں اتنا ہی کام کر سکیں گے لیکن ان چیزوں کے قابو سے باہر ہونے کا خطرہ ہمیشہ رہتا ہے"۔

جیفری ہنٹن کا مزید کہنا تھا کہ انہیں خوف ہے کہ "سسٹمز انسانوں سے زیادہ ذہین ہوجائیں گے اور بالآخر خود کنٹرول سنبھال لیں گے"۔

خیال رہے کہ امریکی جان ہاپ فیلڈ اور برطانوی-کینیڈین جیفری ہنٹن نے مصنوعی ذہانت کی ترقی میں نمایاں کام کرنے پر منگل کو طبیعیات کا نوبل انعام جیتا۔

جیوری نے کہا کہ "دونوں سائنسدانوں کو  ان بنیادی دریافتوں اور ایجادات کے لیے یہ اعزاز دیا گیا جو آرٹیفشل نیورل نیٹ ورکس کے ساتھ مشین لرننگ کو قابل بناتی ہیں۔"

یہ بھی پڑھیں : مرغی کے گوشت کی قیمت برقرار , انڈے مزید مہنگے ہوگئے

نوبل کمیٹی برائے فزکس کی سربراہ ایلن مونس نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ "ان آرٹیفیشل نیورل نیٹ ورکس کو فزکس کے موضوعات پر تحقیق کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کیا گیا ہے جیسا کہ پارٹیکل فزکس، میٹریل سائنس اور ایسٹرو فزکس، اور یہ ٹولز بشمول چہرے کی شناخت اور زبان کا ترجمہ ہماری روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن گئے ہیں۔"

جیفری ہنٹن نے بتایا کہ "انہوں نے تقریباً ہر چیز کے لیے اے آئی ٹولز جیسے ChatGPT4 کا استعمال کیا لیکن یہ بہت اچھا ماہر نہیں ہے، اور یہ اچھی بات ہے۔"

خیال رہے کہ طب کا نوبل انعام پیر کو امریکی سائنسدان وکٹر ایمبروس اور گیری رووکون کو دیا گیا، امریکی جوڑی کو مائیکرو آر این اے کی دریافت اور جینز کو ریگولیٹ کرنے کے طریقہ کار پر اس اعزاز سے نوازا گیا۔

فزکس کے انعام کے بعد بدھ کو کیمسٹری کا انعام دیا جائے گا، جبکہ سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ادب اور امن کے انعامات کا اعلان بالترتیب جمعرات اور جمعہ کو کیا جائے گا۔

بعدازاں 14 اکتوبر کو معاشیات کے انعام کے اعلان کے ساتھ 2024 کے نوبل سیزن کا اختتام ہوجائے گا۔

مزیدخبریں