(طیب سیف ) پاکستان تحریک انصاف کے "سیاسی پاور شو " پر اخراجات کی مد میں 5 کروڑ 92 لاکھ 45 ہزار روپے اڑادیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت میں پاورشو کیا، سنگجانی کے مقام پر ہونے والے جلسے میں رکاوٹوں کے باوجود کارکنان کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور مختلف پی ٹی آئی رہنماؤں نے جلسے سے خطاب کیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کا سیاسی پاور شو پولیس کو 5 کروڑ 92 لاکھ 45 ہزار میں پڑگیا،یہ اخراجات کنٹینرز اور پولیس کے کھانے کی مد میں کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 20 اگست کو اسلام آباد میں 150 کنٹینر پہنچائے گئے تھے،150 کنٹینرز کا رینٹ 3 کروڑ 70 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گیا ، یکم ستمبر کو اسلام آباد میں مزید 100 کنٹینر رکھے گئے، 100 کنٹینرز کا رینٹ 1 کروڑ 17 لاکھ تک پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت آج پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی و سینیٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے
ذرائع کا مزید کہناہے کہ 7 ستمبر کی رات 205 مزید کنٹینر اسلام آباد میں رکھے گئے تھے، 205 کنٹینرز کا رینٹ 79 لاکھ 95 ہزار تک پہنچ گیا۔تحریک انصاف کے جلسے کے دوران اسلام آباد پولیس کے جوانوں کو 2 دفعہ کھانا دیا گیا اور دو دفعہ کھانے کی مد میں 25 لاکھ روپے ادا کئے گئے۔
سیاسی سرگرمیاں ختم ہونےکے باوجود تاحال کنٹینرز مکمل طور پر اٹھائے نہیں گئے۔