(24 نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس ایف آئی اے کو منتقل کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد علی وڑائچ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس ایف آئی اے کو منتقل کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا، احتساب عدالت کے جاری کردہ تحریری فیصلے کے مطابق نیب ترامیم کے تحت 500 ملین سے کم کے مقدمات نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے، توشہ خانہ 2 ریفرنس میں مال مقدمہ کی قیمت 500 ملین سے کم ہے، لہٰذا توشہ خانہ 2 ریفرنس احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ توشہ خانہ 2 مقدمہ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں اور ریفرنس کی فائل اسپیشل جج سینٹرل کو بھجوائی جائیں، فریقین کے وکلاء کل 10 ستمبر کو اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کیجانب سے الیکشن کمیشن کا انٹر اپارٹی الیکشن پر انکوائری کا فیصلہ چیلنج
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں آج ہونے والی سماعت کے دوران فاضل جج نے توشہ خانہ 2 کیس ایف آئی اے کو منتقل کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف توشہ خانہ 2 ریفرنس احتساب عدالت سے واپس لے لیا تھا۔