(اویس کیانی)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے،معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سے کم نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا،عشائیے میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی نے شرکت کی، وزیراعظم نے حکومتی امور میں تعاون پر اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عشائیے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے،
معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سے کم نہیں،وزیراعظم کاکہناتھا کہ 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر چھوڑ کر گئے تھے،اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں جس کے فضل کے طفیل ملک وقوم کیلئے بتدریج بہتری کے آثار پیدا ہورہے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی جو جدوجہد ہم نے اپریل2022 میں شروع کی تھی، اللہ تعالی کے فضل وکرم سے وہ نہ صرف کامیابی سے ہمکنار ہوئی بلکہ اس کے نتیجے میں مہنگائی میں کمی کی ابتدا بھی ہوئی،ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا،ان کاکہناتھا کہ معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے،خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ انکی پریشانیوں کو کم کر کے ہی دم لیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں،عام آدمی کی زندگی کو آسان اور اسکی معاشی خوشحالی کے بغیر پاکستان کی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن نہیں، معیشت کی ڈیجیٹائز یشن حکومت کی اولین ترجیح ہے،فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مکمل ڈیجیٹائز یشن کا آغاز اس حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے ۔
ان کاکہناتھا کہ بجلی کے بلوں کے حوالے سے غریب اور کم آمدنی والے طبقات کے لئے اقدامات کر رہے ہیں،حکومتی حجم کم کرنے اور خرچے میں کمی کے حوالے سے رائٹ سائزنگ اور ڈاؤن سائزنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے ،ملک کو سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے ،پاکستان کو معاشی مشکلات سی نکالنے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ کل ایک سیاسی جماعت کے جلسے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،میاں نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا لیکن بدقسمتی سے اس نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ۔
اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز نےحالیہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا ،اتحادی جماعتوں کے ارکین پارلیمنٹ نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔
یہ بھی پڑھیں:علی امین گنڈا پور بھی گرفتار؟موبائل فون بند،افواہیں گردش کرنے لگیں