(24نیوز) جنوبی افریقہ کے کرکٹر کوربن بوش نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے دستبرداری کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پی ایس ایل مینجمنٹ اور پشاور کی عوام سے معافی مانگ لی ہے۔
اپنے پیغام میں کوربن بوش کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے دستبردار ہونے پر پی ایس ایل مینجمنٹ اور پشاور کی عوام سے معافی مانگتا ہوں، پی ایس ایل ایک باوقار ٹورنامنٹ ہے اور اس سے دستبردار ہونے پر کافی مایوسی ہے،کوربن بوش نے پشاور زلمی کے شائقین سے بھی معذرت کی اور کہا کہ پشاور زلمی کے شائقین سے معافی مانگتا ہوں کہ ان کو میری وجہ سے مایوسی ہوئی۔
انہوں نے اپنے فیصلے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ دستبردار ہونے کے فیصلے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور جرمانہ، ایک سال کی پابندی کو تسلیم کرتا ہوں،انہوں نے مزید کہا پابندی کے بعد پی ایس ایل میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہوں۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی نے کوربن بوش کو پی ایس ایل سیزن 10 کے لیے ڈائمنڈ کیٹگری میں منتخب کیا تھا، تاہم ان کے دستبردار ہونے کے بعد پی ایس ایل مینجمنٹ نے ان پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی تھی اور اب وہ آئندہ سیزن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ امریکہ اور چین میں تجارتی جنگ شدید،ٹرمپ ٹیرف 145 فیصد تک پہنچ گئی