100 یونٹ تک مفت بجلی دینا شروع کر رہے ہیں، وزیر توانائی سندھ کا اعلان

Aug 10, 2024 | 10:43:AM

(24نیوز)سندھ کے باسیوں کی سنی گئی،وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم 100 یونٹ مفت بجلی دینا شروع کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل زیادہ آرہے ہیں، شہری پریشان ہیں، ہمارا انتخابی منشور بنا تو اس میں 300 یونٹ بجلی فری دینے کا وعدہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 300 یونٹ تک مفت بجلی کے لیے کافی حد تک کام کیا ہے، ہم 100 یونٹ مفت بجلی دینا شروع کررہے ہیں، دوسرے مرحلے میں 200 پھر 300 یونٹ تک مفت بجلی دیں گے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ سندھ حکومت کے سولرائزیشن کے دو پروگرام ہیں، 5 لاکھ تک سولر پینل دینے کا منصوبہ ہے، کوشش ہے کہ اگست میں ہی 50 ہزار سولر پینل کی تقسیم کریں، ہم سندھ میں دو لاکھ تک سولر پینل فراہم کریں گے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ سولر پارک بنانے جارہے ہیں جس سے بجلی این ٹی ڈی سی کو دیں گے، سندھ کے سروے میں 26 لاکھ کے قریب آف گریڈ گھرانے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر توانائی نے بجلی صارفین کو بڑی خوشخبری سنا دی

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بجٹ میں صوبوں کے لیے پی ایس ڈی پی بناتی ہے، سندھ کی سڑکیں بھی این ایچ اے کی ذمہ داری ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ بلاول بھٹو آئندہ وزیراعظم ہوں گے پھر پورا ملک ترقی کرے گا، بہت سے لوگ سوشل میڈیا پر کہتے ہیں پی پی نے سندھ تباہ کردیا لیکن عوام سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی پر اعتماد کرتی ہے۔

مزیدخبریں