(ویب ڈیسک) الجزائر کی باکسر ایمان خلیف نے پیرس اولمپکس میں خواتین کے باکسنگ مقابلوں کے فائنل میں چین کی باکسر یو یانگ کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔
پیرس اولمپکس کے ویمن باکسنگ 66 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل مقابلے میں ا یمان خلیف نے چینی حریف کھلاڑی یینگ لیو ٹنگ کو پانچ صفر سے شکست دے دی۔
انہوں نے یہ میڈل جیت کر ان ناقدین کو منہ توڑ جواب دے دیا جو اولمپکس کے آغاز سے ہی ان "اہلیت" یا جنس کے بارے میں عجیب و غریب تبصرے کررہے تھے۔
25 سالہ باکسر ایمان خلیف کی پیرس اولمپیکس میں ’اہلیت‘ پر اس وقت سوالات اٹھے جب ان کا یکم اگست کو ہونےوالے ویمن باکسنگ کی 66 کلو گرام کیٹیگری کے راؤنڈ آف سکسٹین میں اٹلی کی اینجلا کیرنی سے مقابلہ ہوا۔
تاہم یہ فائٹ صرف 46 سیکنڈز جاری رہی تھی،جس کے بعد اطالوی باکسر نے لڑنے سے انکار کر دیا تھا اور ایمان خلیف کے مرد ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا.بعدازاں ایمان کے بارے سوشل میڈیا پر ایک بحث چھڑ گئی جس میں کہا گیا کہ وہ ٹرانس یعنی خواجہ سرا ہیں تو کوئی کہہ رہا تھا کہ وہ مرد ہو کر عورت کے بھیس میں باکسنگ کر رہی ہیں۔
ایک برس قبل انہیں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ سے مبینہ طور ’صنفی اہلیت کا ٹیسٹ‘ پاس نہ کر پانے کے باعث نااہل قرار دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا کے شیر جوان پنجاب پولیس سے بھی دو قدم آگے، خواجہ سراؤں نے بھتہ لینے کا الزام لگادیا
بعدازاں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایمان خلیف پیدائشی طور پر ایک خاتون ہی ہیں اور ان کی پرورش بھی خاتون کے طور پر ہوئی، البتہ انہیں مردانہ ہارمونز کی زیادتی کے مسئلے کا سامنا ہے۔
اس ضمن میں انٹرنیشل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے متعدد بار دہرایا کہ باکسر پیرس مقابلوں میں شرکت کی اہلیت رکھتی ہیں اور کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے ذاتی طور پر ایمان خلیف کا دفاع کیا اور ان پر ہونے والی تنقید کو "نفرت انگیز" قرار دیا تھا۔
جمعے کو ہونے والے مقابلے میں ایمان خلیف نے خواتین کے ویلٹر ویٹ کیٹیگری کے مقابلے میں چینی حریف یانگ لیو کو 0-5 سے شکست دی۔
ایمان خلیف کا گولڈ میڈل الجزائر میں خواتین کی باکسنگ کا پہلا تمغہ ہے جبکہ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ الجزائر سے کسی نے باکسنگ کے کھیل میں سونے کا تمغہ جیتا ہے, اس سے پہلے حسین سلطانی نے سال 1996 میں مردوں کی باکسنگ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔