(24نیوز)خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے انتشار اور قیادت کے فرار کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کی جانب سے صوبائی کارڈ کھیلنا پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے،تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس وقت شدید اندرونی اختلافات کا شکار ہے،علی امین گنڈاپور کے گارڈز نے اپنے ہی کارکنوں پر فائرنگ کی۔
قومی اسمبلی میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس وقت شدید اندرونی اختلافات کا شکار ہے، جس کا ثبوت پی ٹی آئی رہنماؤں کے متضاد بیانات ہیں۔ انہوں نے بشری بی بی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ شکایت کی ہے کہ سب لوگ انہیں چھوڑ کر بھاگ گئے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما اپنے کارکنوں کو چھوڑ کر فرار ہو چکے ہیں۔ خواجہ آصف نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی ایک متفقہ بیانیہ پیش کرے، بصورت دیگر ہوائی باتیں کرنا قوم کے اجتماعی شعور کی توہین کے مترادف ہے۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے ہلاک ہونے والے 12 کارکنوں کی شناخت نہیں کی گئی جبکہ علی امین گنڈاپور کے گارڈز نے اپنے ہی کارکنوں پر فائرنگ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ گنڈاپور نے حالات کو چھوڑ کر اسلام آباد پر چڑھائی کی، جس کا تیسرا مرحلہ بھی ناکام ہوا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اپنے کارکنوں کو چھوڑ کر بھاگ گئی ہے اور یہ کہ بنگلا دیش کے قیام میں کردار ادا کرنے والے ایوب خان کے رشتہ دار آج صوبائی کارڈ کھیل رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کے پی پولیس کے اہلکاروں کو احتجاج کے لیے سادہ کپڑوں میں لایا گیا تھا اور ان کی سول نافرمانی کی کال پہلی دو کوششوں کی طرح ناکام ہوگئی،انہوں نے علی امین گنڈاپور کو 3 بار بھگوڑے قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے پہلے بھی 10 سال قبل دی گئی سول نافرمانی کی کال بھی ناکام ہوئی تھی۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا صوبائیت کارڈ استعمال کرنا پاکستان کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے اور اگر 26 نومبر کو کارکنوں کو پی ٹی آئی کے فیصلوں کا علم ہوا تو وہ شدید ردعمل دیں گے، کیونکہ جب کھڑے رہنے کا موقع آیا تو سب بھاگ گئے۔
یہ بھی پڑھیں :تمام انسانوں کو عزت اور وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے:وزیراعظم شہباز شریف
خواجہ آصف نے مزید بتایا کہ پالیسی ریٹ اور مہنگائی میں کمی آئی ہے مگر خیبر پختونخوا حکومت کے پاس تنخواہیں دینے کے پیسے بھی نہیں ہیں اس کے علاوہ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخواہ میں کون سے ترقیاتی کام کروائے ہیں؟
انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ پی ٹی آئی اپنی ذمہ داریاں چھوڑ کر وفاق میں احتجاج کرنے آتی ہے اور ان کا ایجنڈا ملک دشمنی کا ہے، جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آصف نے مزید کہا کہ یہ لوگ بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کرتے ہیں مگر ہر بار اپنے کارکنوں کو مایوس کر کے بھاگ جاتے ہیں، اور آخر میں درخواست کی کہ خدا کے لیے اس ملک میں نفرت کے بیج نہ بوئیں، ورنہ اس کا نقصان ملک کو اٹھانا پڑے گا اور کہا کہ اللہ تعالی پاکستان کو فسادی ٹولے کے شر سے بچائے ۔
ضرور پڑھیں:علی امین گنڈاپوراوربشریٰ بی بی سمیت کئی پی ٹی آئی رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری جاری