ماہرہ خان کو اداکارہ 'پروین بابی' کا روپ اپنانا مہنگا پڑگیا

Jan 10, 2024 | 14:03:PM

(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا ماضی کی لیجنڈری بالی وڈ اداکارہ پروین بابی کو خراجِ عقیدت پیش کرنا عوام کو برہم کرگیا۔

گزشتہ روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ’میوز لکس‘ نامی کلاتھنگ برانڈ نے ماہرہ خان کی ایک ایسی ویڈیو جاری کی جس نے بالی وڈ اور فیشن کے متوالوں کی تمام تر توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔ دراصل اس ویڈیو میں ماہرہ خان کو جھلملاتے ملبوسات میں ایک ایسے ہیئر اسٹائل میں دیکھا گیا جو بالی وڈ کی سن 1970 اور 1980 کے ابتدائی سالوں کی معروف اور صف اول کی ہیرؤئن پروین بابی کی یاد تازہ کرتا معلوم ہوا۔

ماہرہ خان کا یہ لُک اپنانا کوئی نقل نہیں بلکہ انہوں نے پروین بابی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ایسا کیا اور ان کی جیسی ادائیں دیتی بھی نظر آئیں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئی اور ہر طرف ماہرہ خان اور پروین بابی کا نام ایک ساتھ شہ سرخیوں میں دکھنے لگا۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان سے قبل اسی کلاتھنگ برانڈ کے ایک فوٹو شوٹ میں اداکارہ مایا علی نے بھی بھارتی اداکارہ سری دیوی کو ٹری بیوٹ دیا تھا اور اب ماہرہ خان نے بھی بھارتی اداکارہ کو ہی ٹری بیوٹ کے لیے منتخب کیا۔ جہاں ایک طرف ماہرہ خان اور پروین بابی کے مداح اس ویڈیو پر محبت کی برسات کرتے نظر آئے وہیں متعدد پاکستانیوں کو یہ بات ناگوار گزری جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی کیا۔

مذکورہ ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں انسٹاگرام صارفین یہ اعتراض کرتے نظر آرہے ہیں کہ ماہرہ خان کو پاکستانی سینئر فنکاراؤں میں سے کسی اداکارہ کو ٹری بیوٹ دینا چاہئے تھا نہ کہ سب کو نظرانداز کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ کو۔

مزید پڑھیں:  مجھے چوتھے نمبر پر بھیجنے کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کا ہے، فخر زمان

ایک صارف کا کہنا تھا  کہ ' کیوں ہمیشہ پاکستانی اداکار اور اداکارائیں بھارتی فنکاروں کو ہی ٹری بیوٹ دیتے ہیں ؟ کبھی پاکستان فنکاروں کو ٹری بیوٹ کیوں نہیں دیا جاتا ؟ پھر بولتے ہیں کہ ہمارے ملک میں فن کی قدر نہیں ہے'۔ ایک اور انسٹاگرام صارف نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ' ایسا بھی کیا ہوگیا جو ٹری بیوٹ دینا پڑگیا۔ عجیب مطلب کچھ بھی'۔

 

مزیدخبریں